فیک نیوز پر 5سال قید کی سزا ہے تو وزیر اعظم بتائیں فیک حکومت اور فیک الیکشن پر کتنی سزا ہونی چاہئے ؟۔۔سراج الحق 

Feb 27, 2022 | 23:34:PM

 (24نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد اسلامی نظام اور عوامی حقوق کےلئے ہے ملک کے معاشی ، سیاسی اور سماجی مسائل کا حقیقی حل صرف اللہ کے نظام میں ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سود کے خاتمے کے لئے کچھ نہیں کیا۔پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی اپنی اپنی حکومتوں کو بچانے کےلئے لانگ مارچ اور احتجاج کررہی ہیں،ملک میں معاشی سقوط ہو چکا حکومت اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھنے والے رضا باقر کو فی الفور فارغ کرے پیکا آرڈیننس کے ذریعہ اگر فیک نیوز پر پانچ سال کی سزا ہے تو وزیر اعظم بتائیں فیک حکومت اور فیک الیکشن پر کتنی سزا ہونی چاہئے ؟۔
 ان خیالات کا اظہار انہوں نے غربی لاہور کے احتجاجی دھرنے سے ٹھوکر نیاز بیگ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، انجےنئر اخلاق احمد ، عبدالعزیز عابد ،چوہدری محمو د الاحد اور دیگر موجود تھے ۔خواتےن اور بچوں سمےت عوام کی بڑی تعداد نے مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن کےخلاف دھرنے میں شرکت کی دھرنا تین گھنٹے جاری رہا ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم دورہ روس سے متعلق پارلیمنٹ کو آگاہ کریں۔ یوکرائن میں پاکستانی پھنس گئے ہیں ہماری بچیاں معصومہ میمن اور آمنہ حیدر کی اپنے گھر والوں کو کال آئی جس میں انہوں نے بتاےا کہ وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے میں ان کی زندگےوں کو خطرات لاحق ہیں ۔حکومت نے 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی انتظام نہیں کیا، معصومہ میمن اور آمنہ حیدر ہماری بچیاں ہیں ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔حکومت فوری طور پر یوکرین میں موجود طلبہ اور طالبات کی واپسی کا انتظام کرے وگرنہ عوام کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان پر ہوگا۔سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پونے چار سال سکینڈلز کی نظر ہوئے۔ مافیاز نے اربوں کمائے اور کسی کی پوچھ گچھ نہیں ہوئی۔ حکومت مسلسل غیر سنجیدگی اور نااہلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر سات دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی یہاں اسلام نافذ نہیں ہوسکا۔ ملک پر استعمار کے وفادار مسلط ہیں جنہوں نے پاکستانیوں کو مختلف تعصبات میں تقسیم کررکھا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت مدینہ کی ریاست کا نام لے کر اقتدار میں آئی مگر موجودہ دور میں بھی سیکولر اور دین بیزار قوانین تشکیل دیے گئے۔ عریانی و فحاشی کو فروغ ملا اور سود کی لعنت جاری رہی۔ پاکستان 73برسوں میں اسلامی فلاحی ریاست نہ بن سکا۔
 انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ قوم آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے اور آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کا مکمل روڈمیپ موجود ہے۔ ہم قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق ریاست کا نظم درست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل قرآن و سنت سے وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی دین کا پیغام گھر گھر پہنچا رہی ہے۔ ہم قوم کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔ عوام جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کرکے اپنے حقوق کی جدوجہد میں تیزی لائیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ چیچن بھی روس کے ساتھ مل گئے۔یوکرین میں داخل۔جھنڈے لہرادیئے

مزیدخبریں