مسلم لیگ (ن) کو دھچکا: اتحادی جماعت کا بڑا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے آئندہ قومی اور صوبائی الیکشن پارٹی کے انتخابی نشان پر لڑنے کا اعلان کر دیا۔ مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فیصلے کی منظوری دے دی۔
قبل ازیں مرکزی جمعیت اہلحدیث مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیتی تھی مگر پہلی بار اپنی پارٹی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑا جائے گا، اس ضمن میں ملک بھر سے پارٹی امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔
مرکزی دفتر میں سیاسی امور کی کمیٹی کا سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، صوبائی امیر مولانا عبدالرشید حجازی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات کاشف نواز رندھاوا، حافظ معتصم الہٰی ظہیر، حافظ محمد علی یزدانی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا سبطین شاہ، سید ذاکر شاہ، مولانا روح اللہ توحیدی، مولانا ابراہیم طارق، مولانا الطاف، حافظ شفیق کاشف، حافظ بابر فاروق اور مولانا یوسف پسروری موجود تھے۔
اس موقع پر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ملک بھر میں پارٹی کو سیاسی طور پر منظم کیا جائے گا، ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اور اہلحدیث ووٹرز کو بیدار کریں گے۔ سینیٹر عبدالکریم کا کہنا تھا کہ بلدیاتی سطح پر جماعت کو فعال کیا جائےگا۔