کراچی:تحریک لبیک کی مہنگائی کیخلاف ہڑتال، مختف علاقوں میں سڑکیں بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کراچی میں مہنگائی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث شہر کے مختف علاقوں میں سڑکیں بند ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ، کوسٹ گارڈ چورنگی، نیو کراچی مین روڈ، ملیر، کیماڑی، کورنگی، سینٹرل کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند ہیں۔ نقاب پوش لوگوں نے شہر کے کچھ علاقوں میں کاروبار بھی بند کروا دیا۔ شہر کے کچھ علاقوں میں پرائیوٹ اسکول بھی بند کرا دیئے گئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی روانی بھی متاثر ہے۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، کورنگی اور لیاری میں سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔ کورنگی ڈھائی نمبر پر سڑک پر ٹائر جلا کر روڈ کو بند کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ پولیس کی کارروائی سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگئی۔
ادھر صدر ٹرانسپورٹ اتحاد کراچی ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ ہماری جانب سے ہڑتال کا بائیکاٹ ہے، ہم ہڑتال والوں کے ساتھ نہیں، حکومت کو چاہئیے کہ سیکیورٹی مہیا کرے تاکہ ہماری گاڑیوں کو نقصان نہ ہو، ہم شہریوں کی سہولت کے لئے ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔
چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی نے کہا کہ حکومت عوام اور تاجروں کے مسائل پر توجہ دے، اس وقت کاروبار کھولنا اور بند کرنا دونوں ہی برابر ہے۔
واضح رہے دیگر تاجر رہنماء بھی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرچکے ہیں۔