(24نیوز)مسلم لیگ ن کی سنئیر نائب صدر اورچیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا سب سے بڑا چور ہے،فتنہ خان اور تباہی خان عمران خان کے ہی نام ہیں۔
ساہیوال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاناما بینچ بنانے والو جواب دو ملک سے ظلم کیوں کیا؟،پاناما بینچ بنانے والے فیض حمید جواب دو،نوازشریف کی نفرت میں تم نے پورا پاکستان تباہ کردیا،عمران خان کو لانے والے جانتے تھے وہ تباہی کا دوسرا نام ہے۔
الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے انصاف ہوگا، الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا،الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے، الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے نوازشریف سے زیادتیوں کا ازالہ ہوگا، نوازشریف کے بعد پاکستان سنبھل نہیں پارہا،پاناما بینچ کو نوازشریف برا لگتا تھا اس لئے انتقام لے رہے تھے،نوازشریف سے انتقام لے لیتے، غریب کا چولہا کیوں بجھایا؟
گاڈ فادر اور سسلین مافیا کے القابات واپس لینا ہوں گے، نوازشریف کی بیٹی سامنے کھڑی ہے عمران خان کی بیٹی کہاں ہے؟ نوازشریف نے گھڑیاں بیچی ہوتیں تو یہ بینچ کیا سلوک کرتا،گھڑی چور اور 190ملین پاؤنڈ جیب میں ڈالنے والے کو کٹہرے میں کھڑا کرو،عمران خان کو آج بھی فیض حمید کی باقیات بچارہی ہیں۔
ڈیم والا بابا رحمتے بھی اپنے مہروں سے کام لے رہا ہے، پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی نہیں توڑنا چاہتا تھا، کھیلنے کو چاند مانگنے والے کو 22کروڑ آبادی کا ملک پکڑا دیا گیا۔