فرانسیسی قونصلر کا پیڈمک کا دورہ، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو میسر سہولیات پر گفتگو
غیر ملکی میڈیا پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کرتا ہے اس تاثر کو زائل کرنے کی اشد ضرورت ہے: فرانسیسی قونصلر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) فرانس کے قونصلر اینڈرے دی بوسے نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا دورہ کیا اور غیرملکی سرمایہ کاری، پنجاب میں کاروباری مواقعوں اور صنعتکاروں کو دی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا۔
فرانس کے قونصلر اینڈرے دی بوسے نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کا دورہ کیا، اس موقع پر چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال سمیت پیڈمک بورڈ ڈائریکٹرز ساجد سلیم منہاس ، ڈاکٹر شاہد رضا اور لاہور ٹاون شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے اینڈرے دی بوسے کی پیڈمک آمد پر ان کا استقبال کیا، سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے پیڈمک کے انڈسٹریل زونز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ون ونڈو سروسز کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ڈالر بانڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کیسی؟ عالمی شہرت یافتہ ادارے کی رپورٹ جاری
چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے فرانس کی کمپنیوں کو پیڈمک کے زیر انتظام صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دیتے ہوئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں ایکسپورٹ بیسڈ کاروبار کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں جس سے پاکستان میں زرمبادلہ لایا جا سکتا ہے، پیڈمک کے پلیٹ فارم سے ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے نہ صرف کاروباری افراد کا اعتماد بڑھ رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں کاروبار کے حوالے سے پاکستان کا مثبت امیج بھی قائم ہو رہا ہے۔
فرنچ قونصلر اینڈرے دی بوسے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے غیر ملکی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرتا ہے اس تاثر کو زائل کرنے کی اشد ضرورت ہے، کاروبار میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے جدت لا کر سرمایہ کاروں کو بہتر طور پر راغب کیا جا سکتا ہے، فرانس اور پاکستان کے مابین کاروباری افراد اور سٹوڈنٹس کے ایکسینج پروگرامز منعقد کئے جانے چاہیئں جس سے دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔