بیٹی زویا ناصر فلموں کے لیے موزوں نہیں:ناصرادیب
شوبز میں آنے سے قبل التجا کی تھی کہ کوئی ایسا کام نہ کرنا کہ سر شرم سے جھک جائے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)پاکستانی فلموں کے نامور مصنف ناصر ادیب نے کہا ہے کہ انہوں نے بیٹی زویا ناصر کو شوبز میں کام کرنے سے نہیں روکا، البتہ التجا کی تھی کہ شوبز میں کوئی ایسا کام نہ کرنا کہ ان کا سر شرم سے جھک جائے۔
ناصر ادیب نے حال ہی میں ایک یوٹیوب انٹرویو میں بیٹی کی اداکاری اور ان کی جانب سے شوبز انڈسٹری میں آنے کے فیصلے سے متعلق کھل کر بات کی اور واضح کیا کہ ان کے خیال میں ان کی بیٹی زویا ناصر فلموں کے لیے موزوں نہیں، البتہ وہ ڈراموں کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتی ہیں۔
ناصرادیب کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی بیٹی کے لیے کوئی فلم لکھنے کا نہیں سوچا، کیونکہ وہ عام طور پرپنجابی طرز کی فلمیں بناتے ہیں، جس کے لیے وہ اپنی بیٹی زویا کو ناموزوں سمجھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ناصر ادیب نے کہا کہ اگر ان کی بیٹی کا شوبز کیریئر سالوں بعد بھی ایک جگہ پر رک گیا ہے تو اس کا مطلب ہے وہ اچھا کام نہیں کر پا رہیں،انہوں نے کبھی بیٹی کے لیے کوئی سفارش نہیں کی اور شوبز آنے سے قبل ہی زویا کو بتایا تھا کہ وہ ان کے لیے کبھی کسی کو سفارش نہیں کریں گے۔
ناصر ادیب نے کہا کہ انہوں نے بیٹی کے بعض ڈرامے دیکھے ہیں، جن میں انہوں نے اچھا کام کیا اور ان کے خیال میں ایسا کام اسی کردار میں اور کوئی اداکارہ نہیں کر سکتی تھیں، اگر ان کی بیٹی میں ٹیلنٹ ہوگا اور وہ اچھا کام کرنے کی اہل ہوں گی تو وہ انڈسٹری میں اپنا اعلیٰ مقام خود بنا لیں گی، انہیں رکاوٹ روک نہیں سکتی، کیوں کہ ٹیلنٹ کو کوئی روک نہیں سکتا۔
بیٹی کے شوبز میں آنے سے متعلق سوال پر ناصر ادیب نے انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے اپنی بہن کے شوبز میں کام کرنے کے فیصلے سے نالاں تھے اور انہوں نے بہن کو روکنے کی کوشش بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:نادیہ جمیل اورسمیعہ ممتاز کی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ناصرادیب نے بتایا کہ وہ خود شوبز انڈسٹری کا حصہ رہے ہیں، اس لیے انہوں نے بیٹی کو روکا نہ روکنے کی کوشش کی، فلم انڈسٹری خراب نہیں بلکہ اس میں موجود بعض لوگ خراب ہوتے ہیں، اس لیے انہوں نے بیٹی کو شوبز میں آنے سے قبل صرف ایک التجا کی تھی کہ شوبز انڈسٹری میں جاکر کوئی ایسا کام نہ کرنا کہ میرا سر شرم سے جھک جائے۔