اپوزیشن کی کانفرنس روکنے کیلئے ہوٹل کو تالے، رہنماوں نے دیواریں پھلانگ دیں

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماوں کی پریس کانفرنس روکنے کے لیے مقامی ہوٹل کو تالے لگا دیئے گئے جبکہ کچھ رہنما گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوگئے۔
اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونا تھی مگر انتظامیہ نے اس سے قبل ہی ہوٹل کو تالا لگا کر بند کر دیا تھا اور پولیس کا کہنا تھا کہ یہاں کسی قسم کی کوئی کانفرنس کی اجازت نہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کچھ رہنما گیٹ پھلانگ کر ہوٹل میں داخل ہوئے اور ہوٹل کا مرکزی دروازہ اندر سے کھول دیا جس کے بعد تمام لوگ ہوٹل میں داخل ہوئے۔
اپوزیشن جماعتوں کے رہنما محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، صاحبزادہ حامد رضا اورسلمان اکرم راجہ ہوٹل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔
بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ہوٹل کی لابی میں ہی کانفرنس کرنے کا اعلان کیا جبکہ پولیس اہلکار اور ایف سی کے دستے ہوٹل کے باہر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہم آئین پاکستان اور قانون کی بالادستی کے لیے کھڑے ہیں، ملک اس وقت ترقی نہیں کر رہا، اس حکومت کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں۔
سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پولیس کے دستے بھیجیں یا دروازے بند کریں، ہم ہر صورت اپنا کام کریں گے، حکمران بات جمہوریت کی کرتے ہیں۔
مگر اپوزیشن رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے تھے تب ہم ساتھ کھڑے تھے، آپ آج ڈر رہے ہیں، اگر ایمانداری سے آتے تو نہ ڈرتے۔