یو اے ای، پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط 

Feb 27, 2025 | 19:53:PM

(24 نیوز)پاکستان اور ابوظبی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، ولی عہد ابوظہبی کے دورہ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت کی جانب سے ولی عہد کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکارے دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں نور خان ائیربیس پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورے پر آیا تھا۔

وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ریلوے کے شعبے میں 2 مفاہمتی یاد داشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔تقریب میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دستاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔

بعد ازاں ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر گئے جہاں انہیں نشان پاکستان سے نوازنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور  وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

ولی عہد ابوظبی شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں صدر آصف زرداری نے انہیں نشان پاکستان دیا۔ ولی عہد کی غیر معمولی خدمات اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر انہیں نشان پاکستان کا اعزاز دیا گیا۔

ابوظبی کے ولی عہد دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔

مزیدخبریں