پاکستان۔متحدہ عرب امارات کے3نسلوں پر محیط دیرینہ عوامی اور ثقافتی تعلقات ہیں، صدر مملکت

Feb 27, 2025 | 21:15:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3نسلوں پر محیط دیرینہ عوامی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری  سے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات کی،ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےدونوں ممالک کا کاروبار، انفراسٹرکچر ، ثقافت اور عوامی روابط  بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

صدر مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3نسلوں پر محیط دیرینہ عوامی اور ثقافتی تعلقات ہیں،صدر مملکت کا دوطرفہ تعلقات کی میراث کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زوردیا،صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کی قابل ذکر ترقی کو سراہا،صدر مملکت نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا،صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین قریب تر  اقتصادی اور تجارتی تعلقات فروغ دینے پر زوردیا،اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری نے شیخ خالد بن محمد بن زاید کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر شیخ خالد بن محمد بن زاید  نے یو اے ای کا پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور پائیدار تعلقات کی عکاس ہیں۔

بعد ازاں ، صدر مملکت نے خصوصی تقریب کے دوران شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو پاکستان کے لیے خدمات اور غیر متزلزل حمایت کے اعتراف میں نشانِ پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا،شیخ خالد بن محمد بن زاید نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون میں اہم کردار ادا  کیا،انہوں نے پاکستانی معیشت میں اہم سرمایہ کاری کے اقدامات کے اعلان میں سہولت فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: 12 وفاقی وزراء،9وزرائے مملکت اور 3نئے مشیروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری 

مزیدخبریں