(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عملی طورپرختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے جلسوں پرپورا زورلگا کردیکھ لیا عوام ان کے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، خود پھنس گئے۔
اپوزیشن اتحاد سے نمٹنے اور سینٹ الیکشن میں مشترکہ لائحہ عمل بنانے کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی و اتحادی جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس ہوا۔عمران خان نے اہم حکومتی فیصلوں پر اپنی جماعت اور اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان بے فکر رہیں ، اپوزیشن ہمارے لئے کوئی مسئلہ نہیں۔براڈشیٹ معاملے پرکمیشن بنا دیا ہے، براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اورحدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام ارکان مل کراحساس پروگرام پر پورا زور لگائیں، ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں، غریبوں کو سہولیات فراہم کریں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہونگے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی نے بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوالات کئے جس پرمشیر خزانہ حفیظ شیخ نےتفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔