(24نیوز)قومی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق ملائیشیا میں طیارے کی ضبطگی کےمعاملے پر پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کی باہمی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت میں کیس خارج ہوگیاہے جس کے بعد طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ طیارہ واپس لانے کے لئےعملے کو پاکستان سے روانہ کیا جارہا ہے۔ طیارے کی واپسی آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طورپر آپریٹ کرکے واپس لے کرآئے گی۔
واضح رہےکہ 15 جنوری کو پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کو ملائیشیا کے کوالالمپور ائیرپورٹ پر ضبط کرلیا گیا تھا۔ملائشین سول ایوی ایشن حکام نے بتایا تھا کہ لیز کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر پی آئی اے کے طیارے کو قبضے میں لیا گیا۔ جبکہ بوئنگ 777 طیارے پر تعینات پی آئی اے کے فضائی عملے کو وطن واپسی کی اجازت دی گئی۔