اسد درانی کے بھارتی ایجنسی را سے رابطے تھے،وزارت دفاع، نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت

Jan 27, 2021 | 18:45:PM

(24 نیوز)وزارت دفاع نے لیفٹیننٹ جنرل(ر)اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کر دی، وزارت دفاع کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری جواب داخل کردیاگیا۔
وزارت دفاع کی جانب سے اسلام آبادہائیکورٹ میں داخل جواب میں کہاگیاہے کہ اسد درانی کا نام ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل (ر)اسد درانی 32 سال پاکستان آرمی کا حصہ رہے اور اہم و حساس عہدوں پر تعینات رہے، اسد درانی 2008 سے دشمن عناصر بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی را سے رابطوں میں رہے ۔
وزارت دفاع کاجواب میں کہناہے کہ اسد درانی کےخلاف انکوائری حتمی مرحلے میں ہے، اس سٹیج پر ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا، اسد درانی نے 12 اور 13 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر جس رائے کا اظہار کیا اسے بھی کسی محب وطن شہری نے اچھا نہیں سمجھا۔
ہائیکورٹ میں دائر جواب میں مزید کہاگیاہے کہ سابق سربراہ آئی ایس آئی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف کے ساتھ مل کر کتاب لکھی، کتاب کا سکیورٹی لحاظ سے جائزہ لیا گیا، انکوائری بورڈ کے مطابق کتاب کا مواد پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔

مزیدخبریں