(24نیوز)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹیز کو آن لائن امتحانات کی منظوری دیدی ہے،تعلیم کا اعلیٰ معیار ہمیشہ قائم رہنا چاہئے ،انہوں نے طلبا کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے سخت محنت کی نصیحت کی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا۔ ایچ ای سی نے یونیورسٹیزکو اپنی صلاحیت کے مطابق منصفانہ امتحانات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامعات طلبا کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے آن لائن یا آن کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں، ایچ ای سی نے یونیورسٹیزکو اپنی صوابدید پر امتحانات لینے کی اجازت دے رکھی ہے۔
ایچ ای سی نے بعض یونیورسٹیز کے طلباکی جانب سے اٹھائے گئے خدشات اور تمام صوبوں کے وائس چانسلرز کےساتھ مشاورت میں طلبا کے اندیشوں کا بغور جائزہ لیا۔ چیئر مین ایچ ای سی نے کہا کہ یونیورسٹیزکو تکنیکی اور انتظامی تیاری کے مطابق امتحانات لینے چاہیں۔ آن لائن امتحانات کیلئے جامعات ’اوپن بک امتحانات‘ کا انتظام کریں۔
ایچ ای سی کے مطابق آن کیمپس امتحانات ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی صورت میں لیے جاسکتے ہیں۔ ایچ ای سی نے جامعات کو واضح کر دیا کورونا کو مدنظر رکھ کر اقدامات اٹھائیں۔ ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ آن کیمپس امتحان کورونا ایس اوپیر پر عملدآمد کی صورت میں لیا جائے جبکہ آن لائن امتحان میں طلبہ کے جواب اور نیٹ سے مواد کو جانچا جائے۔ ایچ ای سی نے یہ بھی فیصلہ بھی جامعات پر چھوڑا ہے کہ جہاں زبانی امتحان کی ضرورت پڑے وہ بھی لیا جائے۔