(ویب ڈیسک )ٹک ٹاک نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی آگاہی کے لیے ' آؤ کردکھائیں ' مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے حال ہی میں پاکستان میں بے روزگاری کے مسئلے کے حل کے لیے روزگار کے 10 لاکھ مواقع پیدا کرنے کے بارے میں بتایا تھا، ٹک ٹاک اس ویژن پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس حوالے سے ٹک ٹاک نے آگاہی مہم کے لیے وزیر اعظم کے دفتر کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
اس مہم کے ذریعے وزیر اعظم یوتھ اور زرعی قرضوں کے بارے میں عوام کو آگاہی اور اس کا حصہ بننے کے حوالے سے مدد فراہم کی جائے گی۔ٹک ٹاک کی جانب سے اس مقصد کے لیے متعددمعلوماتی وڈیوز تیار کی جائیں گی تاکہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے لاکھوں نوجوان صارفین کو پروگرام کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔آؤکر دکھائیں مہم کا آغاز فروری 2023 سے ہو گا۔
اس پروگرام کے تحت ٹک ٹاک کی جانب سے تعلیمی ویڈیوز کی ایک سیریز تیار کی جائے گی تاکہ صارفین کو درخواست دینے کے طریقہ کار کے بارے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ایسے کاروباری آئیڈیاز کے بارے میں رہنمائی کی جاسکے جس سے کامیاب درخواستوں کی شرح میں اضافہ ہو سکے۔
یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کو مانیٹری فنانشل اداروں/ مانیٹری فنانشل بینکو ں کے ذریعے 5 لاکھ روپے تک قرض فراہم کرے گا اور کمرشل بینکوں کے ذریعے پانچ لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک سبسڈائز قرض فراہم کرے گا۔
مشرق وسطیٰ، ترکیہ، افریقا، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں ٹک ٹاک کے گورنمنٹ ریلیشنز اینڈ پبلک پالیسی شعبے کی سربراہ فرح توکان نے کہا کہ ہم 'آؤ کر دکھائیں مہم کی تعلیمی ویڈیوز کے ذریعے پاکستان کی نوجوان نسل کو اس موقع تک رسائی دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛کنگنا رناوت نے فلم ’پٹھان‘ کے بارے میں کیا کہا؟
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ' حکومت کا مقصد قرضوں کے پروگرام کے ذریعے باصلاحیت پاکستانیوں کو مالی مدد اور رہنمائی فراہم کرکے بیروزگاری کم کرنا ہے'۔