(ویب ڈیسک )بالی ووڈکنگ شاہ رخ خان کا نیا انداز مداحوں کو بھا گیا، فلم ’پٹھان‘ نے دنیا بھر سے صرف 2 دن میں 220 کروڑ کما لیے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم ’پٹھان‘ آنے والے دنوں میں مزید بزنس کر کے ریکارڈز قائم کرے گی جو کہ طویل وقت تک قائم رہ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فلم نے بزنس کے حوالے سے بھارت اور بیرون ملک دونوں دن نئے ریکارڈز قائم کیے ہیں اور بہت حد تک یقینی ہے کہ فلم تیسرے دن بھی کمائی کے حوالے سے ریکارڈ قائم کرے گی۔رپورٹس کے مطابق فلم ’پٹھان‘ کے پیسے کمانے کی رفتار میں کمی نہیں آرہی، فلم نے پہلے دن دنیا بھر میں 105 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دوسرے دن فلم نے 113 کروڑ سے زائد کمائے۔
واضح رہے کہ شاہ رُخ نےچار سال بعد انڈین فلموں میں واپسی کی ہے ۔فلم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کا شمار 2023 کی سپر ہِٹ فلموں میں ہو سکتا ہے۔اگرچہ بعض ناقدین نے فلم کی کہانی پر اعتراضات اٹھائے ہیں تاہم کئی فینز نے کہا ہے کہ سینما گھروں میں ایک بار پھر شاہ رُخ چھا گئے ہیں۔
فلمی تجزیہ کار شبھرا گپتا نے انڈین ایکسپریس میں لکھا کہ ’بالی وڈ اِز بیک۔ شاہ رُخ از بیک۔‘ یعنی بالی اور شاہ رُخ خان دونوں کی اس فلم سے واپسی ہوئی ہے۔
فلم میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہیم بھی نمایاں کرداروں میں ہیں مگر پٹھان کا مرکزی کردار شاہ رُخ نبھاتے ہیں جو انڈیا کے خلاف شدت پسندی کا حملہ روکنے کے لیے انٹیلیجنس مشن پر ہے۔
فلم کا ٹریلر ہی یوٹیوب پر پانچ کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے بتایا ہے کہ’ فلم کو دنیا بھر کی آٹھ ہزار سکرینز پرریلیز کیا گیا۔ یہ کسی بالی وڈ فلم کے لیے سب سے بڑی اوپننگ ہے‘۔
یش راج فلمز کے مطابق پٹھان نے پہلے روز ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہو کر 106 کروڑ روپے کمائے جو کہ ’ہندی سینما کی تاریخ میں سب سے بڑی اوپننگ ہے۔‘
انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ ’کسی بھی ہندی فلم کے لیے سب سے بڑی اوپننگ ہے۔ وہ بھی تب جب اس روز کوئی چھٹی نہیں تھی اور نہ ہی یہ کسی بڑی فلم کا سیکوول تھا۔‘
فلم کے مداحوں کا ردعمل
فلم دیکھنے والوں کی اکثریت نے اسے پسند کیا ہے۔ ایک فین نے بی بی سی کو بتایا کہ ’شاہ رخ خان کی ایکٹنگ، سلمان خان (جن کی اس فلم میں گیسٹ اپیئرنس ہے) کی انٹری اور دیپیکا کا کمال کا ڈانس، یہ سب بہت اچھا رہا۔ یہ پوری طرح ایک فیملی فلم ہے جسے آپ بچوں اور بوڑھوں کے ساتھ بھی دیکھ سکتے ہیں۔‘
تاہم کچھ لوگوں کو فلم کی کہانی اور ڈائیلاگ پسند نہیں آئے۔
ایک شخص نے کہا ’یہ اوسط درجے کی فلم ہے۔ لوگ خوبصورت ہیں لیکن فلم اتنی خوبصورت نہیں۔ کہانی، سکرین پلے اس قدر اچھے نہیں۔ یہ بہت تیز چلنے والی فلم ہے۔‘
سینما مالکان نے کہا ہے کہ فلم کی مانگ اس قدر زیادہ تھی کہ انھیں اضافی شوز کا بندوبست کرنا پڑا ہے جبکہ پری بکنگ کے باعث بہت سے شائقین بدستور ٹکٹوں سے محروم ہیں۔
بدھ کو شاہ رخ نے خود ٹویٹ میں کہا کہ شمالی انڈیا میں پٹھان کی سکریننگ کے لیے 25 سنگل سکرین سینما گھر کھولے گئے ہیں جو کووڈ 19 کے دوران بند ہوئے تھے۔
نہ صرف یہ بلکہ پٹھان نے ایڈوانس بُکنگ میں بھی اپنی نوعیت کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ ٹکٹنگ پلیٹ فارم بُک مائی شو نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ فلم پر عوام کا ردعمل بے مثال ہے اور انھوں نے پیر تک ہی 10 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ کی ایڈوانس بکنگ کر دی تھی۔
فلمی نقاد کیا کہتے ہیں؟
شبھرا گپتا نے کہا ہے کہ’ فلم میں نان سٹاپ ایکشن ساتھ ایک ہیرو ہے جو دنیا کو بچانے کی کوشش کر رہا ہےفلم کے عمدہ گانے اور جذبات سے بھرے سینز نے لوگوں کو متاثر کیا ہے‘۔
جبکہ دیپنجنا پال نے کہا کہ’’ آج انڈین سینما کے لیے پٹھان وہ ہیرو ہے جس کی اسے ضرورت ہے‘‘۔ انھوں نے مزیدلکھا کہ ’رومانوی ہیرو کی جگہ ایک سمجھدار اور سخت انسان نے لی ہے جو ہر صورت اپنی ذمہ داری نبھانا چاہتا ہے۔‘
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ فلم کے کچھ حصہ ناقابل سمجھ افسانہ ہیں۔ اخبار منٹ لانج کے لیے اودے بھاٹیا نے لکھا کہ’’ فلم میں تفریح اور جاسوسی کے پہلو احمقانہ حد تک زیادہ ہے‘۔
نندنی رامنتھا نے کہا کہ فلم میں ایک موقع پر سٹنٹس اور سکرین پلے ناظرین کو بور کر دیتے ہیں۔ انھوں نے ویب سائٹ سکرول کے لیے لکھا کہ ’مگر جب بھی پٹھان کے ایکشن سینز اور عباس ٹائر والا کے عمدہ ڈائیلاگ آتے ہیں اور ہیرو بولتا ہے تو فلم ٹریک پر واپس آتی ہے۔‘
فلم کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں جن میں لوگ سینما ہال میں شاہ رخ اور دیپیکا کے ساتھ ’جھومے جو پٹھان‘ اور ’بے شرم رنگ‘ پر ڈانس کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کےقریبی دوست کرن جوہر نے 100 کروڑ عبور کرنے پر پٹھان کی پوری ٹیم کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے شاہ رخ، دیپیکا، جان ابراہیم اور یش راج فلمز کو مبارکباد دی۔ اسی طرح کمل حسن نے بھی پٹھان کی ٹیم کو داد دی ہے۔
جعلی ریویوز کا معاملہ
بھارت میں بعض فیکٹ چیکرز نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ’’ سوشل میڈیا پر پرانے فلموں کے ریویوز کو جعلی طریقے سے پٹھان کا ریویو بنا کر شیئر کیا جا رہا ہے جس میں لوگ کسی دوسری فلم پر منفی ردعمل دے رہے ہیں‘‘۔
آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ اس کام کے لیے شاہ رخ کی پرانی فلمیں ’زیرو‘ اور ’جب ہیری میٹ سیجل‘ پر ناظرین کا ردعمل دوبارہ کیا جا رہا ہے جس میں لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بُری فلم ہے۔
ایک جعلی ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’ایس آر کے کے بڑے فین نے پٹھان کا ریویو کیا‘ تاہم یہ دراصل روحی کا ریویو تھا جس میں ایک شخص کہتا ہے کہ یہ بیکار فلم ہے۔
اسی طرح ایک ویڈّیو میں فلم دیکھ کر لوٹنے والی خاتون کیمرے پر بتاتی ہیں ’بکواس، ایک دم بکواس۔ فلم میں کچھ تھا ہی نہیں۔‘ مگر بعد میں محمد زبیر نے بتایا کہ دراصل اس خاتون کی ویڈیو اس وقت بنائی گئی تھی جب وہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم براہمسترا دیکھ کر لوٹ رہی تھیں۔
واضح رہے کہ 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘میں شاہ رخ خان، جان ابراہم اور دیپیکا پڈوکون شامل ہیں۔