وزیر اعلیٰ پنجاب کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ ، تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ کی عیادت کی

Jan 27, 2023 | 18:21:PM
وزیر اعلیٰ پنجاب کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ ، تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ کی عیادت کی
کیپشن: وزیراعلیٰ پنجاب تشدد کا نشانہ بننے والی بچی کی عیادت کررہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اچانک میو ہسپتال پہنچ گئے،وزیر اعلی پنجاب نے سرجیکل ٹاور میں زیر علاج گھریلو ملازمہ مریم کی عیادت کی، انہوں نے تشدد کا نشانہ بننے والی مریم کی خیریت دریافت کی، محسن نقوی نے بچی کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
بچی مریم وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو تشدد اور آگ لگانے کا واقعہ سناتے رو پڑی،نگران وزیر اعلیٰ نے بچی مریم کو حوصلہ دیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی،محسن نقوی نے بچی سے شفقت کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ آپ پر ظلم کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔


وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹرز سے مریم کے علاج کے بارے میں دریافت کیا،محسن نقوی نے مریم کے علاج معالجے کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مریم کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،نگران وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کو مریم کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا۔
 نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بچی مریم کی والدہ سکینہ بی بی سے بھی ملاقات کی اور انہیں تسلی دی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھا کہ مریم پر تشدد اور جلانے کا واقعہ پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے، بچی مریم کے ساتھ انصاف ہو گا، ملزمان سزا سے نہیں بچ سکیں گے، انہوں نے کہاکہ  کیس پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا اور دوبارہ بھی آپ کے پاس آؤں گا۔ 
نگران صوبائی وزراء  ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

علی رامے

علی رامے سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ ایک سینئر تحقیقاتی رپورٹر ہیں۔ وہ 2013 سے اس گروپ سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے ماتحت محکموں میں تحقیقاتی اور دلچسپ  اسٹوریز کا احاطہ کرتے ہیں۔