(24 نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی شرعی عدالت کے ربا سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق پہلی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا،وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، گورنرسٹیٹ بینک ،سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے،وزیر خزانہ نے گورنرسٹیٹ بینک کی اسلامی فنانسنگ اور سود سے پاک نظام کے نفاذ کیلئے روڈ میپ بنانے میں مخلصانہ کوششوں کو سراہا ۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ گورنر سٹیٹ بینک کی معاونت سود سے پاک نظام کے نفاذ میں مددگار ثابت ہو گی،حکومت سودی نظام کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے،وزیر خزانہ نے کہاکہ اجلاس کے فیصلے ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ ذمہ داران کو سودی نطام کے خاتمے میں حائل رکاوٹوں کے دور کرنے کی ہدایت کی،وزیر خزانہ نے کمیٹیوں میں اسلامی قوانین کے پیشہ ور ماہرین کو شامل کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں اضافی اسلامی سکوک بانڈز کے اجراکیلئے علمائے کرام اور اسلامی دانشوروں کی رہنمائی بھی طلب کی گئی ،گورنر سٹیٹ بنک نے کہا کہ تکنیکی مسائل ،سفارشات مرتب کرنے اور اسلامی فنانسنگ کے نفاذ کیلئے پانچ ورکنگ گروپ بنائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کی پیشگوئی