سستی اور وافر بجلی پہلی ترجیح، ’’پاکستان کو نواز دو‘‘ ن لیگ نے انتخابی منشور پیش کر دیا

Jan 27, 2024 | 12:57:PM

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنا انتخابی منشور عوام کے سامنے پیش کرنے کی تقریب جاری ہے،مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات 2024 کیلئے اپنا انتخابی منشور ’پاکستان کو نواز دو‘ کے نعرے کے ساتھ پیش کر دیا۔

مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف اور شہباز شریف کی موجودگی میں پارٹی منشور کا اعلان کیا،سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا منشور کی تشکیل کے لیے 32 کمیٹیوں نے دن رات محنت کی، میرے لیے بہت آسان تھا کہ میں 8 سے 10 صفحے کا منشور لکھ کر کسی لیڈر کو دے دیتا اور کہتا کہ اسے پڑھ دیں یہ منشور ہے لیکن ہم نے اس میں یہ بتایا کہ پچھلی حکومتوں کی کارکردگی کیا رہی اور کس حکومت نے کیا کام کئے۔

 ان کا کہنا تھا میں نے احسن اقبال سے کہا کہ ذیلی کمیٹیوں نے اتنے بڑے بڑے تھیسز بھیج دیے ہیں کہ ان پر تو الگ سے کتاب لکھی جانی چاہیے،مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے منشور کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑا عجیب لگ رہا ہے حکومت گرائے جانے کے بعد، سپریم کورٹ کے 5 ججز کے فیصلے بعد اور ہر انتقامی کارروائی کے بعد آج پھر نواز شریف اور لیگی قیادت جیلوں میں رہنے کے بعد انتخابات کیلئے اپنا منشور پیش کر رہی ہے،صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا ماضی میں کتنے روایتی منشور پیش ہوتے رہے ہیں، نواز شریف نے کبھی دعویٰ نہیں کیا تھا کہ ملک سے 20، 20 گھنٹے کے اندھیرے ختم کروں گا، انہوں نے کہا تھا اس کو ختم کرنے کیلئے اپنی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا 14 اگست 2014 کو اسلام آباد میں جو مارچ ہوا وہ ایک دلخراش واقعہ ہوا وہ مارچ نواز شریف کے خلاف نہیں تھا بلکہ پاکستان کے خلاف تھا، 16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول کا واقعہ ہوا تو ان کو مجبوراً وہ دھرنا ختم کرنا پڑا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا ساڑھے 3 سال میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے، کراچی میں گرین لائن ٹرانسپورٹ کا منصوبہ نواز شریف نے پیش کیا، جو لوگ تعلیم اور صحت کے لیے قوم کے سامنے چیمئن بنتے تھے انہوں نے خود تو خیبر پختونخوا کو تباہ کر دیا اور جب ڈینگی آیا تو پہاڑوں پر چڑھ گئے لیکن پنجاب کے ہسپتال بھی تباہ کر دیئے۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا نواز شریف اس شخص کا نام ہے جس نے جب وعدہ کیا تو اس پر کام کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کیں اور دعوے کم اور کام زیادہ کیا، ماضی میں مسلم لیگ ن نے کر کے دکھایا اور اب ہم نے پہلے سے زیادہ محنت کر کے تعلیم اور چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے قرضوں کا بندوبست کریں گے۔

 سستی اور وافر بجلی پہلی ترجیح ہے،بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی کی جائے گی، بجلی کی پیداوارمیں 15ہزارمیگاواٹ اضافہ کیا جائےگا، شمسی توانائی سے10ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کی جائےگی، کسانوں اور پسماندہ طبقات کیلئے سبسڈی لائیں گے، گوادر کو توانائی کا مرکز بنایا جائےگا،گرین انرجی فنڈ قائم کیا جائےگا۔

گیس پر چلنے والے منصوبوں کو این ایل جی پر منتقل کیا جائےگا، گیس کمپنیوں کی تشکیل نو کریں گے، تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائےگا،ایک کروڑ سے زائد نوکریاں پیدا کریں گے، مسلم لیگ ن غربت میں 25 فیصد کمی لائے گی،برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، اقتصادی شرح نمو 6 فیصد سےزیادہ بڑھائیں گے، مالیاتی خسارہ 3.5فیصد سے کم کیا جائےگا۔
ہیلتھ، لیبر اور ایجوکیشن کارڈ لائیں گے، سستے مقامی سینما بنائے جائیں گے،پیدائش میں وقفے کے بارے میں آگاہی دی جائےگی، نصاب میں پاپولیشن مینجمنٹ پر مضمون شامل کیا جائےگا،اسمبلیوں میں اوورسیز کیلئےنشستیں رکھی جائیں گے۔

مزیدخبریں