بلوچستان سے متصل ایرانی شہر سراوان میں فائرنگ سے 9 پاکستانی قتل

Jan 27, 2024 | 19:12:PM

(24 نیوز) بلوچستان سے متصل ایران کے سراوان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ایران کے غیرسرکاری خبر رساں اداروں حال وش اور رسانک کے مطابق واقعہ ہفتے کی علی الصبح پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے شہر سراوان کے علاقے سیرکان میں پیش آیا۔
حال وش کے مطابق قتل ہونے والے پاکستانیوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے بتایا جاتا ہے جو سیرکان کے علاقے میں موٹر گیراج میں کام کرتے تھے اور ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ نامعلوم افراد نے کمرے میں گھس کر انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا جس سے نو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

حال وش کے مطابق مقتولین یومیہ اجرت پر مزدور تھے۔
رسانک کے مطابق فائرنگ سے تین افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مقتولین میں چار کی شناخت اظہر، اشفاق، شعیب اور اشفاق کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی سامنے آنے والی تصاویر میں مقتولین فرش پر خون میں لت پت پڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ایرانی حکام اور پاکستانی دفتر خارجہ نے اب تک واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے- 
پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی بڑی تعداد کام کی تلاش میں غیرقانونی طور پر ایران جاتی ہے تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ مقتولین قانونی طور پر مقیم تھے یا غیرقانونی طور پر رہ رہے تھے۔ 


دوسری جانب تہران میں تعینات پاکستانی سفیر نے ہفتے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہرا صدمہ ہوا ہے۔ سفارتخانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مدد کرے گا۔ وکیل پہلے ہی جائے حادثہ اور ہسپتال جا چکے ہیں جہاں زخمی زیر علاج ہیں۔ ہم نے ایران سے اس معاملے میں مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔‘

مزیدخبریں