(24 نیوز) خشک خوبانی کا ذائقہ لذیذ اور میٹھا ہوتا ہے اور یہ ایک غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ یہ گرمیوں میں سرد علاقوں میں پایا جاتا ہے جبکہ اسے سارا سال استعمال کرنے کیلئے خشک بھی کرلیا جاتا ہے، جسے پھر خشک خوبانی کا نام دیا جاتا ہے۔
خشک خوبانی کے استعمال سے صحت پر مثبت نتائج ظاہر ہوتے ہیں، کیوںکہ اس میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ تقریباً ایک سو گرام خشک خوبانی میں 241 کیلوریز، 5 گرام فیٹ، 4 گرام پروٹین، 3 گرام فائبر، 63 گرام کاربو ہائڈریٹس، 1160 ملی گرام پوٹاشیم، 3 ملی گرام آئرن، 55 ملی گرام کیلشیم، 2 مائیکرو گرام سیلینیم، 180 مائیکرو گرام وٹامن اے، 1 ملی گرام وٹامن سی جبکہ 10 مائیکرو گرام فولیٹ پایا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق تازہ اور خشک خوبانی دونوں ہی غذائیت سے مالا مال ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ ماہرین کی یہ رائے بھی ہے کہ خوبانی کو سکھا کر محفوظ کرنے سے اس کی غذائیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
خشک خوبانی کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس پھل کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
خشک خوبانی کے استعمال سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
وزن میں کمی
ایسے لوگ جو موٹاپے کا شکار ہوں، ان کیلئے خوبانی نہایت مفید ثابت ہوسکتی ہے، کیوںکہ اس پھل میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو وزن میں کمی لانے کیلئے نہایت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
خشک خوبانی میں فائبر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو زیادہ دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا، جس کی وجہ سے وزن میں کمی آنا شروع ہوتی ہے۔ وزن میں کمی لانے کیلئے خشک خوبانی کو استعمال کرنے والے افراد کو چاہیئے کہ اسے متوازن مقدار میں استعمال کریں، کیوںکہ اس میں کیلوریز کافی مقدار میں پائی جاتی ہیں۔
جِلدی امراض سے چھٹکارا
عام طور پر خون کی مختلف بیماریوں کی وجہ سے جِلد کے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ خون کی گرمی کی وجہ سے جِلد پر پھوڑے پھنسیاں نمودار ہوسکتے ہیں۔ ان سے نجات پانے کیلئے رات کو 100 گرام خشک خوبانی اور 30 گرام عناب کو 300 ملی لیٹر پانی میں بھگو کر رکھ دیں، صبخ اٹھ کر خوبانی اور عناب کو پانی میں اچھی طرح مکس کرلیں۔اس پانی میں حسبِ ضرورت مصری ملا کر پی لیں۔ چند دن تک اس نسخے پر عمل کرنے سے مثبت نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
خون کی کمی کا خاتمہ
خون کی کمی کی علامات سے چھٹکارا پانے کیلئے آئرن نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے، چوںکہ خشک خوبانی میں آئرن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، اس لیے خون کی کمی کی علامات سے نجات حاصل کرنے کیلئے خشک خوبانی ایک بہترین آپشن ہے۔ جسم میں آئرن کی سطح متوازن ہونے سے ہیمو گلوبن کی سطح میں بھی بہتری آتی ہے۔
پیٹ کے کیڑوں سے نجات
بچوں کو زیادہ تر پیٹ کے کیڑوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بعض اوقات بڑوں کو بھی اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ پیٹ کے کیڑوں سے چھٹکارا پانے کیلئے ہر روز پچاس گرام خشک خوبانی کے ساتھ سبز چائے نہار منہ استعمال کریں۔ کچھ دن میں کیڑے ختم ہونا شروع ہو جائیں گے۔
آنکھوں کی صحت میں بہتری
خشک خوبانی کا شمار ان غذاؤں میں کیا جاتا ہے جو آنکھوں کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تازہ خوبانی کا استعمال بھی آنکھوں کیلئے بہت مفید ہے۔ آنکھوں کی صحت کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کیلئے آپ ہر روز مٹھی بھر خوبانی استعمال کرسکتے ہیں۔
ذیابیطس کے مرض میں مفید
خوبانی میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو خون میں گلوکوز کی مقدار ضرورت سے زیادہ نہیں ہونے دیتے۔ خشک خوبانی سے حاصل ہونے والی فرکٹوز کی معتدل مقدار گلوکوز کی سطح کو کنڑول کرنے میں بھی مدد فراہم کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ خشک خوبانی کے استعمال سے انسولین پر بھی مفید اثرات ظاہر ہوتے ہیں، ان وجوہات کی بنیاد پر یہ پھل ذیابیطس کے مرض میں مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
خشک خوبانی میں پوٹاشیم وافر مقدار میں پائی جاتی ہے جو بلڈ پریشر کی سطح کو متوازن رکھتی ہے۔ بلڈ پریشر کی سطح کو متوازن رکھنے کیلئے 259 ملی گرام پوٹاشیم کافی ہوتی ہے جو کہ 100 گرام خشک خوبانی سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ ہائی بلڈ پریشر کا شکار تھے، ان کے خشک خوبانی استعمال کرنے سے اس مرض کی علامات میں کمی آئی۔ اس کے ساتھ ساتھ خوبانی کا باقاعدہ استعمال اسٹروکس کے خطرات کو بھی کم کر دیتا ہے۔
قبض کی علامات سے چھٹکارا
خشک خوبانی میں فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اس لیے قبض کی علامات کو ختم کرنے میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس پھل کو استعمال کرنے سے آنتیں بہتر طریقے سے کام کرنا شروع کر دیتی ہیں، جس کی وجہ سے قبض سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔
ہڈیوں کی کثافت میں بہتری
خواتین میں ہڈیوں کی کثافت کی مقدار غیرمتوازن ہونے سے ہڈیوں کے بھربھرے پن اور جوڑوں کے درد کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ خشک خوبانی میں بوران پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ہڈیوں کی معدنی کثافت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
انٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
خشک خوبانی میں بیٹا کیروٹین سمیت بہت سے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ انٹی آکسیڈنٹس جسم کو فری ریڈیکلز کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان سے بچاتے ہیں اور سوزش کے خطرات بھی کم کرتے ہیں۔
حمل کے دوران مفید
حمل کی وجہ سے عورت کے جسم کا حجم پچاس فیصد تک بڑھ جاتا ہے، اس لیے حاملہ خواتین کو زیادہ مقدار میں آئرن کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان میں خون کی کمی واقع نہ ہو۔ اس کے علاوہ خشک خوبانی کے استعمال سے حاملہ خواتین میں ہاضمے کے نظام میں بھی بہتری آتی ہے جس سے ان کو قبض کی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
خشک خوبانی کے فوائد کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرسکتے ہیں۔