(ویب ڈیسک) اگر آپ اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہ جان لیجئے کہ آپ کو اپنے غذائی نظام میں دہی کو شامل کرنا ہوگا۔ دہی کی ٹھنڈی تاثیر موسم گرما میں اسے مثالی بنا دیتی ہے۔ یہ گرم موسم میں خشکی کے مسائل کو حل کرنے اور ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔
ایک بھارتی انگریزی ویب سائٹ کے مطابق دہی کو اپنی روزانہ کی غذا میں بالخصوص رات کے کھانے میں شامل کرنے سے آپ کو کئی کلوگرام وزن کم کرنے میں مدد مل سکے گی۔
صحت مند BMI برقرار رکھنے میں مدد گار
دہی میں میگنیشیم بھرپور طور پر پایا جاتا ہے۔ یہ انسان کے ’باڈی ماس انڈیکس‘ یعنی BMI کو کنٹرول میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
آپ کو سیرابی کا احساس ملتا ہے
یاد رہے کہ جب ہم وزن کم کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پروٹین وہ واحد چیز ہے جس کا استعمال بڑھا دیتے ہیں۔ دہی میں کاربوہائیڈریٹس کم ہوتے ہیں اور پروٹین بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے سبب یہ وزن کم کرنے کیلئے مثالی غذا ہے۔ اسی طرح دہی میں موجود پروٹین آپ کو پیٹ پر موجود اضافی چربی سے چھٹکارہ پانے میں بھی مدد دیتی ہے۔
بہترین غذائیت
یاد رہے کہ جسم کے Metabolism میں اضافہ وزن کم کرنے کی کنجی ہے۔ دہی میں موجود probiotics ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے اور بعدازاں میٹابولزم کا عمل بہتر کر دیتا ہے۔ اسی طرح یہ غذائی عناصر کو جذب کرنے میں بھی مدد گار ہے۔
آپ مختلف طریقوں سے دہی کو اپنے روزانہ کے کھانے میں شامل کر سکتے ہیں جسے دوپہر یا رات کے کھانے میں ایک پیالہ دہی کھائیں یا پھر ناشتے میں لسی کی شکل میں پی لیں۔
اسی طرح کوشش کریں کہ دہی کو شکر ملائے بغیر کھائیں، اس میں شکر ملا کر کھانے سے اضافی حرارے شامل ہو جائیں گے جو آپ کے وزن کم کرنے کا منصوبہ بگاڑ دے گا۔