وفاقی حکومت کا اپریل سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،وفاقی حکومت نے اپریل 2025 سے بجلی کے نرخوں میں بڑی کمی کا پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاور ڈویژن اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ پلان وسط فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس پلان کا مقصد یکم اپریل 2025 سے بجلی کے نرخوں میں واضح کمی لانا ہے، وزیر اعظم نے بجلی کے ٹیرف میں کمی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے،اسحاق ڈار کی سربراہی میں ”ٹیرف میں کمی کیلئے قائم کمیٹی“ میں توسیع کی گئی ہے، جس نے ٹیرف میں کمی کے پلان کا بغور جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس پلان میں آئی پی پیز (انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں سے فی یونٹ 2 روپے تک ریلیف شامل ہے۔ اس کے علاوہ، سرکاری پاور پلانٹس کے لئے ریٹرن آن ایکویٹی میں کمی کے ذریعے بچت کا پلان بھی شامل کیا گیا ہے،پلان میں وفاقی و صوبائی ٹیکسوں میں کمی کا بھی منصوبہ ہے، جس سے بجلی ٹیرف میں 3 روپے فی یونٹ تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
حکومتی پلان کے تحت آئندہ ماہ حتمی مشاورت آئی ایم ایف کے وفد سے کی جائے گی، جو موجودہ قرض پروگرام کے جائزہ کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پلان پر عملدرآمد کیلئے صوبائی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے خدشات کو دور کرنے کیلئے فنانس ڈویژن اہم کردار ادا کرے گا اور پلان کے کامیاب نفاذ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔