ماضی کی غلطیاں دفن،دل بڑا کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ چوہدری شجاعت حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
اسلام آباد( اویس کیانی) سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ماضی کی غلطیاں دفن، دل بڑا کریں، اس کے بغیر چارہ نہیں۔ریاست مخالف عناصر اور ان کے بچوں کا مستقبل بھی پاکستان سے وابستہ ہے، انہیں یہ بات سوچنی چاہیئے۔ملک و قوم کی تعمیر ہمارا ایجنڈا نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔سب مل کر اس ملک کا مقدر سنواریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی 79ویں سالگرہ کے موقع پر مسلم لیگ کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر منعقدہ تقاریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی،کوئٹہ، پشاور،خیرپوراور سکھر میں پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کے یوم پیدائش پر تقاریب کا انعقاد کیا۔ان تقاریب سے بذریعہ ویڈیو لنک چوہدری شجاعت حسین، چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع حسین،ڈاکٹر محمد امجد،مسز فرخ خان، غلام مصطفیٰ ملک، طارق حسن،ڈاکٹر شکیل روشن،کنور دلشاد، انیلہ ایاز چوہدری،عاطف مغل،رضوان صادق خان،چوہدری جہانگیر، یونس اعوان، پیر سید چراغ الدین شاہ،کامران عثمانی، عمربشیر چیمہ اور دیگر نے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جب تک ہم سیاست کو عبادت نہیں سمجھیں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی ہمارا اولین ایجنڈا نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا، پوری نیک نیتی کے ساتھ قوم اور پارٹی کو بتاتاہوں کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ انشاء اللہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کی قیادت کرے گا، اب وقت آگیا ہے کہ سیاست دان اوراسٹیبلشمنٹ مل کر اس ملک اور قوم کا مقدر سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو دفن کرنا ہوگا۔میں نے کبھی بھی ذاتی عناد اور بغض کی سیاست نہیں کی، سب کو مشورہ ہے کہ اپنے مخالفین کے بارے دل بڑا کریں، اور ایک نئے خوشگوار دور کا آغاز کریں،اب سیاسی غلطیاں کرنے کی گنجائش نہیں،ریاست کو دل بڑاکرنا ہو گا اور ریاست مخالف عناصر کو یہ ضرور سوچنا ہو گا کہ انکا اور انکے بچوں کا مستقبل اسی ملک اور دھرتی سے وابستہ ہے، انہوں نے کہا خطبہ ججتہ الوداع انسانیت کے لیے بہترین چارٹر ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کے لیے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے راہنمائی حاصل کرنا ہوگی کہ انہوں نے فتح مکہ کے موقع پر انہوں نے اپنے بدترین دشمنوں کو معاف کرکے ایک نئے معاشرے کی بنیاد رکھی تھی۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔ ہم چوہدری شجاعت حسین کے خدمت اور جذبہ حب الوطنی کے نقش قدم پر چلیں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں چوہدری شجاعت حسین کے ملک و قوم کے لئے سرانجام دیئے گئے کارناموں کے بارے میں بیان کیا اور کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں چوہدری شجاعت حسین جیسا مدبر سیاسی لیڈر ملا۔ہماری دعا ہے کہ اللہ انہیں صحت والی لمبی عمر عطا فرمائے اور ہم ان سے زیادہ سے زیادہ سیکھیں۔ اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور چوہدری شجاعت حسین کی درازی عمر اور صحت کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بنگلہ دیش باہمی تعلقات بلند ترین سطح پر،بھارتی میڈیا پر ’رولا‘ پڑ گیا