وزیر اعظم کی جاپان اور مراکش کے سفیروں سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی اور مراکش کے سفیر محمد کرمون نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے کہاکہ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنی شراکت داری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔وزیراعظم نے مراکش کے بادشاہ، شاہ محمد ششم اور مراکش کی حکومت کی جانب سے دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقع میں بچ جانے والے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بچانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق جاپانی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کا رشتہ ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی تاریخ کا ذکر کیا اور پاکستان کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کی کوششوں کے لیے جاپان کی حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔جاپان کے سفیر نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کی حمایت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ گزشتہ سال جاپان اور پاکستان کے درمیان اوورسیز ڈیولپمنٹ اسسٹنس (ODA) کے 70 سال پورے ہونے کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنی شراکت داری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مراکش کے بادشاہ، شاہ محمد ششم اور مراکش کی حکومت کی جانب سے دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقع میں بچ جانے والے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بچانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے مراکش کے مقامی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے لواحقین اور جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی کی وطن واپسی میں شامل پاکستانی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ پاکستان اور مراکش کے درمیان شاندار تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا ذکرکیا اور عوام سے عوام کے روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر مراکش کے سفیر نے مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔دونوں فریقین جلد از جلد دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت ادارہ جاتی مشاورتی میکانزم کے اجلاس بلانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بنگلہ دیش باہمی تعلقات بلند ترین سطح پر،بھارتی میڈیا پر ’رولا‘ پڑ گیا