پاک فوج کے پہلے نشان حیدر پانیوالے کیپٹن سرور شہید کا 75واں یوم شہادت

Jul 27, 2023 | 00:36:AM

(24 نیوز) پاکستان کی عسکری تاریخ کے پہلا نشان حیدر پانے والے پاکستان کےعظیم سپوت جان باز کیپٹن محمد سرور شہید کا آج 75 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے ،جنگ کشمیر 1948 کے ہیرو کی عظیم قربانی کو قوم کی جانب سے زبردست خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  پہلا نشان حیدر پانے والے پاک فوج کے کیپٹن کی یوم شہادت کے موقع پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس  نےکیپٹن محمد سرور شہید کی عظیم قربانی پر  زبردست خراج عقیدت پیش کیا ، جبکہ اس موقع پر   ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال بہادری، جرات و شجاعت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ  کیپٹن محمد سرور نے بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرکے مادر وطن کا دفاع  کیا، کیپٹن محمد سرور نے 27 جولائی 1948ء کو تلپترا، آزاد کشمیر کے مقام پر جام شہادت نوش کیا،کیپٹن محمد سرور کا یوم شہادت وطن عزیز کیلئے افواج پاکستان کی ان گنت قربانیوں کی مثال ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کا کہناتھا  کہ مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،قوم کو اپنے خون سے داستان شجاعت رقم کرنے والے ان بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ ازلی دُشمن بھارت کی فوج پر اپنی شجاعت و بہادری کی دھاک بٹھا کر دُشمن کے مورچوں میں گھس کر اُس کے دانت کھٹے کرنے والے پاک فوج کے جانباز ہیروکیپٹن محمد سرور شہید  پاکستان کے پہلے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر حاصل کرنے والے مجاہد ہیں۔اُنہوں نے اپنے خون سے اس پاک سر زمین کی آبیاری کی اور ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے۔ کشمیر کی وادیاں آج بھی گواہ ہیں کہ کس طرح کیپٹن محمد سرور اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑے تھے۔اس نے دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر اسے بتایا کہ اس زمین کے لیے وہ خون بہا بھی سکتا ہے اور دشمن کو گرا بھی سکتا ہے۔ کیپٹن سرور نے جان کا نذرانہ دے کروطن کے دفاع کو یقینی بنایا۔ 

 کیپٹن محمد سرور راولپنڈی کے گاؤں سنگھوری میں 10 نومبر 1910 کو پیدا ہوئے۔کیپٹن محمد سرور کا تعلق ایک فوجی گھرانے سے تھا۔آپ کے والد جناب محمد حیات خان بھی فوج میں تھے۔کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنی ابتدائی تعلیم فیصل آباد کے گورنمنٹ مسلم ہائی اسکول طارق آبادسے حاصل کی اور پھر 1925 ء میں تاندلیہ نوالہ مڈل سکول سے مڈل پاس کیااور 1927 ء میں دسویں جماعت میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔ اس وقت آپ کی عمر 17 برس تھی۔

  1944ء میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، جس کے بعد  دوسری عالمی جنگِ عظیم میں حصہ لیااور شاندار فوجی خدمات کے پیشِ نظر 1946ء میں انہیں مستقل طور پر کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ 1948 میں آپ پنجاب رجمنٹ کے سیکنڈ بٹالین میں کمپنی کمانڈر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے جب انہیں کشمیر میں آپریشن پر مامور کیا گیا۔

 قیام پاکستان کے وقت چونکہ پنجاب رجمنٹ ایک منظم اور فعال رجمنٹ تھی اس لئے اس کو کشمیر جانے کا حکم ملا۔اسی رجمنٹ میں محمد سرور بھی اپنا کورس مکمل کر رہے تھے مگر ابھی ان کی تربیت مکمل نہ ہوئی تھی؛چنانچہ وہ کسی طرح بھی محاذجنگ پر نہیں جا سکتے تھے۔اپنے تجربہ اور قابلیت کی وجہ سے وہ یہ خیال کرتے تھے کہ انہیں ضرور جنگ پر جانا چاہیے۔ابھی محاذ جنگ پر فوج گئی نہ تھی کہ ان کا کورس بھی مکمل ہو گیا۔انہوں نے فوراً ہی کوشش شروع کر دی کہ ان کو محاذ پر جانے والی یونٹ میں شامل کیا جائے۔

کیپٹن محمد سرور نے اس مرتبہ اپنے بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملاقات میں کمانڈنگ آفیسر سے انہوں نے د رخواست کی کہ وہ محاذ جنگ پر جانا چاہتے ہیں۔کمانڈنگ آفیسرکو معلوم تھا کہ یہ محاذآسان نہیں ہے۔لیکن کمانڈنگ آفیسر نے ان سے وعدہ کر لیا اور کچھ دن بعد راجہ محمد سرور کو یونٹ میں شامل کر لیا۔چند روز کے بعد کمانڈنگ آفیسر لفٹینٹ کرنل مسعود احمد نے اپنے ماتحت جوانوں اور افسروں کو جمع کیا اور ان کو اس سلسلے میں مشورے کیلئے کہا۔کمانڈر نے تمام صورت حال ان کے سامنے رکھ دی کہ کوئی ایسا جانباز چاہیے جو مختصر سی جماعت کے ساتھ دشمن کی اس چوکی کو تباہ و برباد کر دے جو فتح کے راستے میں حائل تھی۔ کیپٹن محمد سرور نے جواب دیایہ کام وہ بڑے شوق اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔کیپٹن محمد سرور نے تمام باتوں کو غور سے سنا اور کمانڈر کی ہدایات پر عمل کرنے کا وعدہ کر لیا۔

 27 جولائی 1948 کو انہوں نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم فوجی پوزیشن پر حملہ کیا۔ اس حملے میں کئی جوان شہید اور زخمی ہوئی لیکن کیپٹن سرور نے پیش قدمی جاری رکھی۔دشمن کے مورچے کے قریب پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ دشمن نے اپنے مورچوں کو خاردار تاروں سے محفوظ کر لیا ہے، اس کے باوجود کیپٹن سرور مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔اپنے زخموں کی پروا کیے بغیر 6 ساتھیوں کے ہمراہ انہوں نے خاردار تاروں کو عبور کر کے دشمن کے مورچے پرآخری حملہ کیا۔
دشمن پر برسٹ کے ساتھ"اللہ اکبر" کے الفاظ ادا کرتے ہوئے رب کے حضور لبیک کہہ دیا۔دشمن اس چوکی کو چھوڑ کر بھاگ گیا۔ دشمن نے اس اچانک حملے کے بعد اپنی توپوں کارخ کیپٹن سرور کی جانب کر دیا، یوں ایک گولی کیپٹن سرور کے سینے میں لگی اور آپ نے شہادت پائی۔  صبح کے سورج نے اس پہاڑی پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا۔بہادری کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پر انہیں نشانِ حیدر سے نوازا گیا، یہ اعزاز ان کی بیوہ نے 3 جنوری 1961 کو صدرپاکستان محمد ایوب خان کے ہاتھوں وصول کیا تھا۔کیپٹن محمد سرور شہید نے مادر وطن کے دفاع کے کمال بہادری، جرات کا مظاہرہ کیا۔

 ان کی شہادت کے بعد جنرل ایوب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ "میں کیپٹن محمدسرور شہید کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہوں جنہوں نے سب سے پہلے نشانِ حیدر حاصل کر کے پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔انہوں نے عظیم قربانی دے کر اپنا،اپنی فوج کا اور اپنی یونٹ کا نام ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا ہے۔بے شک ان کی قربانی پر ہم سب کو فخر ہے۔آئیے ہم سب مل کر عہد کریں کہ اس سنہری کارنامے کی یاد ہمیشہ تازہ رکھیں گے"۔

 جنرل ٹکا خان تحریر کرتے ہیں کہ "پوری قوم سرور شہید کے شاندار کارنامے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔افواج پاکستان کی تاریخ میں ان کا یہ کارنامہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا"۔

ان کے دیرینہ ساتھی میجر افضل کہتے ہیں" میں یوں محسوس کرتا ہوں کہ جیسے سرور شہید ابھی میرے قریب سے گزرے ہیں اور مجھے نصیحت کر کے گئے ہیں کہ میں دشمن کی ناکامی اور ان کی شہادت کی دعا مانگوں مجھے وہ وقت یاد ہے۔ان کی زندگی مثالی تھی میں نیند کا شوقین تھا وہ صبح سویرے اٹھ کر نماز پڑھنے لگتے اور مجھے زبردستی اٹھاتے۔میں انہیں مولوی کہتا اور وہ مجھے روکتے اور شہید کہہ کر پکارنے کو کہتے۔"

صوبیدار منگت خان کا کہنا ہے کہ "کیپٹن محمدسرور شہید فضول بات چیت نہ کرتے۔وہ بہت کم گو تھے اور صرف کام کی بات کرتے تھے،ہمیشہ باوضو رہتے اور وقت کی قدر کرتے تھے۔"

مادر وطن کی خاطر بیرونی دشمنوں کے خلاف جنگ لڑنے والے کیپٹن سرور شہید آج دہشت گردوں اور اندرونی چیلنجز سے نبرد آزما پاک فوج کے جری سپوتوں کے لئے بہادری کی روشن مثال ہیں۔ آج پوری قوم 1948ء کی کشمیر جنگ میں بہادری، شجاعت کی داستاں رقم کرنے والے شہید کیپٹن محمد سرور کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

مزیدخبریں