(ویب ڈیسک )پاک بھارت ورلڈ کپ میچ میں 10 سیکنڈ کے اشتہار کی فیس ایک کروڑ روپے سے زائد ہو گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرے سے قبل ہی اس کے اثرات محسوس ہونا شروع ہو گئے ہیں ، براڈ کاسٹرز نے اس میچ سے ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے کمانے کی امید ظاہر کر دی ہے، نشریات دکھانے کے خواہشمند ٹی وی چینل کو 90 کروڑ کے قریب رقم ادا کرنا ہوگی جبکہ ’’پاورڈ بائی‘‘ اسپانسرز کا بجٹ 75 کروڑ رکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران چلنے والے 10 سیکنڈ کے ایڈ کا ریٹ 30 لاکھ بھارتی روپے رکھا گیا ہے جو کہ پاکستانی روپے میں ایک کروڑ 5 لاکھ 11 ہزار روپے بنتے ہیں ، دوسری جانب ورلڈکپ کے دیگر مقابلوں کیلئے اشتہار کا ریٹ 7 لاکھ روپے فی 30 سیکنڈز مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو تاریخ ری شیڈول کرنے کی تجویز دی کیونکہ 15 اکتوبر کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے ساتھ ہندو مذہب کا تہوار نوراتری شروع ہورہا ہے جس کے باعث سیکیورٹی اہلکار وہاں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
پاک بھارت مقابلے کی تاریخ کو تبدیل کیا جاتا ہے تو شائقین کو لاجسٹک چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کیونکہ فینز نے پہلے ہی سفری انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
15 اکتوبر کو شیڈول میچ کی وجہ سے ہوٹلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جبکہ فضائی سفر بھی مہنگا ہوگیا ہے، پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلز بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایس جی ہائی وے پر واقع رینیسنس احمد آباد ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کر دی ہے ۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔
گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔