طوفانی بارشیں، جل تھل ایک،ندی نالوں میں طغیانی،نشیبی علاقے زیر آب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30 جولائی تک جاری رہے گا۔دوسری جانب بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، کوٹ لکھپت اور ایئرپورٹ کے علاقے میں بھی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ دوسری جانب گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ واسا کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 186 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ لکشمی چوک میں 141 ملی میٹر ریکارڈ ، پانی والا تالاب 138 اور گلشن راوی میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ 2.75 ، ائیرپورٹ 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلبرگ 3، لکشمی چوک 1 , اپر مال 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ضرور پڑھیں:ایبٹ آباد میں طوفانی بارش،ہسپتال زیرآب
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ صدر، ایم اے جناح روڈ، ٹاور، اولڈ سٹی، آئی آئی چند ریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، ملیر اور گلستان جوہر میں بادل برسے، جس کے بعد شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
ایبٹ آباد میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، پانی گھروں اور ہسپتالوں میں داخل ہوگیا، اہم شاہراہوں پر گاڑیاں پانی میں پھنس جانے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور درجۂ حرارت21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مستونگ، پشین، زیارت، کوہلو، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللّٰہ، قلات، خضدار، سبی، ہرنائی، بولان، بارکھان، لورالائی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، آواران، پنجگور، لسبیلہ، کیچ اور گوادر میں آج بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بتایا ہے کہ این 50 دھناسر سے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق پنجرہ پل پر سیلاب کے باعث اور وانگو قبہ سعید سیکشن پر ہیوی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے جبکہ بواٹا قلعہ سیف اللّٰہ سیکشن این 70 پر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی ریلے سے کئی بستیاں اجڑ گئی ہیں، مختلف شہروں میں بارشوں کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عارف والا میں کئی بستیاں سیلابی پانی کی لپیٹ میں آگئیں، ڈھولہ کے مقام پر بستی مینگل کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ بہاولپور میں بھی ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا اور مختلف نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سندھ کے شہر کشمور میں بھی دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، سیلابی صورتحال کے باعث کچے کے سینکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ بلوچستان کے شہر خاران میں بھی سیلابی ریلے سے کئی مکانات مہندم ہوگئے۔ جھل مگسی میں یونین کونسل کھاری یونین کونسل پتری کے درجنوں دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔