(24 نیوز ) پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکن ٹائیگرز کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سر لنکا کو تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کر دیا، پہلی اننگ میں ابرار احمد اور نسیم شاہ کے سامنے لنکن ٹائیگرز بے بس نظر آئے ، جب بیٹنگ کی باری پاکستان کی آئی تو عبداللہ شفیق نے لنکن گیند بازوں کا بھرکس نکال دیا، ڈبل سینچری سکور کر کے اہم اعزاز اپنے نام کیا تو سعود شکیل نے 146 سالہ تاریخ بدل ڈالی اور سری لنکا کیخلاف 410 رنز کی برتری بنائی ۔
دوسری اننگز کا آغاز ہوا تو سری لنکا کے اوپننگ بلے بازوں نے قدم جمانے کی کوشش کی لیکن نعمان علی کی گھومتی گیندوں نے پوری ٹیم ہی لپیٹ ڈالی اور صرف 70 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی ، باقی کی کسر نسیم شاہ نے پوری کر دی اور 3کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز مکمل طور پر لنکن ٹائیگرز پر چھائے رہے اور سری لنکا کی پوری ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نسیم شاہ کے حصے میں آئیں۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں اینجلو میتھیوز 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان ویموتھ کرونا رتنے نے 41 اور نشان مدوشکا نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی تھی، سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے۔