(محمد عمران) اٹک میں ایڈووکیٹ عاطف علی قریشی کچہری جاتے ہوئے فائرنگ سے قتل ہو گئے۔
اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں ایڈووکیٹ عاطف علی قریشی کو کچہری جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج 24 نیوز نے حاصل کر لی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے اپنے گاڑی مقتول کی گاڑی کے ساتھ لگا کر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:9,10 محرم الحرام پر بڑی پابندی لگ گئی
وکلاء اور لواحقین نے لاش کو راولپنڈی روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا، ڈی ایس پی نے ڈی پی او کی طرف سے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے اور مظاہرین کے مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مظاہرین کے مطالبات ہیں کہ 2 دن کے اندر قتل کی ایف آئی آر مدعی کے مطابق درج کی جائے اور ایس ایچ او تھانہ پنڈی گھیب کے خلاف سیکورٹی معاملات میں غفلت برتنے پر کارروائی کی جائے۔
مظاہرین نے مطالبات پورے ہونے کی یقین دھانی کے بعد احتجاج ختم کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال منتقل کردیا۔