فضائی آلودگی، سپریم کورٹ کا قواعد کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کا حکم

Jul 27, 2024 | 10:58:AM

(24نیوز)سپریم کورٹ نے فضائی آلودگی کے باعث خیبر پختونخوا کے 3 کرشنگ پلانٹس بند کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے 11 جولائی کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ دنیا میں ہر 9 سے ایک موت فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق فضائی آلودگی سالانہ 70 لاکھ اموات کا باعث بن رہی ہے،سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ بنگلادیش، بھارت، نیپال اور پاکستان دنیا کے آلودہ ترین ممالک ہیں، دنیا کی کل آبادی کا 22.9 فیصد بنگلادیش، بھارت، نیپال اور پاکستان میں ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا دوسرا آلودہ ترین ملک ہے، صاف شفاف ماحول میں رہنا ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے سبب انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور درختوں کو بھی خطرات لاحق ہیں،  ماحولیاتی آلودگی کے سبب کینسر اور دل کی مہلک بیماریاں جنم لے رہی ہیں،سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق کے پی میں 3 اسٹون کریشر سنگین ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں، کے پی کے ان 3 کریشنگ پلانٹس کو فوری بند کرایا جائے۔

تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت کو بتایا گیا خیبرپختوںخوا میں مزید 900 اسٹون کریشنگ پلانٹس کام کر رہے ہیں، صوبائی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی 900 اسٹون کریشنگ پلانٹس کا جائزہ لے۔
 

مزیدخبریں