آئیں مل کرمعاملات کو سلجھائیں، حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کر دی

Jul 27, 2024 | 15:32:PM

 (24نیوز) حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کردی ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک  نے کہا ہے کہ ہم کہتے ہیں آئیں مل کر بیٹھیں ، بات کرتے ہیں، معاملات کو سلجھاتے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے ذہن میں صرف  3چیزیں ہیں، اولین ترجیح غریب کے بچے کو روزگار دینا ہے ، دوسرا مہنگائی کے بوجھ کو ختم کرنا ہے اور تیسرا غربت کو ختم کرناہے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے کس نے کیا کیا ہے؟ آج تک کسی کے منہ سے سنا ہے مہنگائی کو کیسے ختم کریں گے؟ کپتان نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، کپتان نے کہا قبر تک پیچھا کریں گے،چیلوں نے9مئی انجام دے دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے دنوں ٹرینڈ چلا تھا کپتان نہیں تو پاکستان نہیں، کپتان نے کہا کہ امریکا سازش کررہاہے اور سائفر لہرا دیا ، لوگوں نے بھی کہا کہ امریکا تو ہمارے ملک کے خلاف ہے، اس نے ہمارے آئین اور ملک کو پامال کیا ہے، فوج ہمیں بچائے۔

ان کاکہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر ترقی میں رکاوٹیں کھڑے کررہے ہیں ، پاکستان ہے توہم سب ہیں ، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ن لیگ اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی کرارہی ہے،  انہوں نے واضح بیان دیا کہ ملک تباہ کردیں گےاور وہ کررہے ہیں، 9مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، ہم کہتے ہیں دہشتگردی کو ختم کریں اور آپ کہتے ہیں ہم آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کہتے ہیں آئیں مل کر بات کرتے ہیں آپ کہتے ہیں ملک گیر پہیہ جام کریں گے، بات کرو لیکن برباد مت کرو، سلجھاؤ ملک کو الجھاؤ نہیں ،  ہمیں ہٹانا ہے تو ہٹادیں، جب پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئیں ہم آپ کی سپورٹ کریں گے، حکومت بنائیں تو آپ نے کیوں حکومت نہیں بنائی، کیوںکہ سلجھانا آپ کا مقصد نہیں تھا، آئیں بات کریں۔

 مصدق ملک نے کہا کہ آج آپ اُدھم مچارہے وہ آپ اپنے بچوں کے مستقبل کے ساتھ ظلم کررہے ہیں ، ہمیں ہٹانا ہے ہٹادیں ،ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہوجائے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ  مہنگائی کی مجموعی شرح پچھلےسال38 فیصد تھی، ہم مہنگائی کی شرح کو48سے2فیصد پر لائے انہوں نے دھرنا دےدیا، آپ نے کرین لگاکر پارلیمان پر حملہ کیا، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غریبوں کیلئے600ارب مختص کیے، ایل این جی دینے اور گیس چھیننے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہسپتال ،ایف بی آر کو ہم ٹھیک کریں گے ، ہم نے پی ایس ڈی پی سے پیسے نکال کر86فیصد غریبوں کو ریلیف دیا، 86فیصد غریب خاندانوں کو بجلی بلوں کی مد میں تحفظ دیاگیا ہے۔

مزیدخبریں