(ویب ڈیسک)"میٹا" کی زیرملکیت دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر آئی فون کے "ایئر ڈراپ" فیچر کی طرح ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس فیچر کی مدد سے صارفین ویڈیوز، تصاویر، ڈاکیومنٹس اور دیگر فائلز انٹرنیٹ کے بغیر قریبی سمارٹ فونز پر شیئر کر سکتے ہیں,یہ فیچر آئی فون کے ایئر ڈراپ فیچر سے کافی ملتا جلتا ہے، پہلی بار یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن پر اپریل 2024 میں دیکھا گیا تھا۔
اب واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن (v24.15.10.70) میں یہ فیچر آزمایا جا رہا ہے جسے Nearby feature کا نام دیا گیا ہے۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے کافی کارآمد ہے جنہیں دور دراز کے علاقوں میں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہوتی یا انٹرنیٹ سروس میں خلل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ فیچر صارفین کو انٹرنیٹ کنکشن کی فکر کے بغیر اپنے دوستوں، رشتہ داروں کے ساتھ فائلیں شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہنی ٹریپ کیس میں نیا موڑ ملزمہ کا خلیل الرحمان قمر کو 440 وولٹ کا دھچکا
اس فیچر کے استعمال کیلئے دونوں ڈیوائسز کا قریب ہونا ضروری ہے جس کے بعد صارفین فوری طور پر کسی بھی قسم کی فائل دوسرے شخص کو بھیج سکتے ہیں، ڈیٹا کے تبادلے کا یہ عمل محض چند سیکنڈ میں ممکن ہوسکتا ہے۔
یہ فیچر آئی فونز اور اینڈرائیڈ صارفین دونوں کیلئے جلد دستیاب ہوجائے گا، بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ اِس فیچر کی مدد سے اینڈرائڈ سے آئی فون اور آئی فون سے اینڈرائڈ ڈیوائسز میں ڈیٹا ٹرانسفر بھی ممکن ہوجائے گا۔۔