نالائق حکومت کو سندھ کی زراعت اور صنعتوں کی تباہی کی پرواہ نہیں، ناصر شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کاکہناہے کہ نالائق ، نا اہل وفاقی حکومت کو سندھ کی زراعت اور صنعتوں کی تباہی کی پرواہ نہیں۔
ناصر شاہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ رینی کینال کو ابھی تک سندھ حکومت اور محکمہ آبپاشی سندھ کے حوالے نہیں کیا گیا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ وفاقی بجٹ میں رینی کینال کیلئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ کاکہناتھا کہ رینی کینال واپڈا کا پروجیکٹ ہے،جسے کئی سالوں سے مکمل نہیں کیا گیا،پانی چوری کر کے سندھ کی زراعت کو تباہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کشمور سے کینجھر تک کاشتکار اور کسان سراپا احتجاج ہیں لیکن پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے ایک نہ سنی، سندھ میں کئی اضلاع میں پینے کی شدت قلت کے باوجود فلڈ کینال کھولے ہوئے ہیں،ارسا صوبوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم کرنے کے بجائے پی ٹی آئی کا آلہ کار بن گیا ہے۔
ناصر شاہ کاکہناتھا کہ اب ملک کی معاشی رگ پر وار کیا گیا ہے اور سندھ کے حصہ کی گیس منقطع کر دی گئی ہے،گیس کی بندش سے کراچی میں سینکڑوں کارخانوں کو تالے لگ گئے ہیں،ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں اور ملک کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ لیکن ان کے وزرا ترقی اور معیشت کی بہتری کا الاپتے پھرتے ہیں،ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں کسانوں اور مزدوروں سے روٹی چھین لی ہے،ہم تو کہتے تھے، ان کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے یہ اے ٹی ایم بھرنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خود کوکشمیر کا سفیر کہنے والا کلبھوشن کا وکیل بن گیا،بلاول بھٹو