(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹیفکیشن نہ کرنےکیخلاف تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جاری کرنےکی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹیفکیشن نہ کرنےکے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جاری نہیں کررہا، منحرف ارکان کوڈی سیٹ کرنےکے بعد الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔
جنرل سیٹ کے تناسب سے فہرست کے مطابق نوٹیفکیشن کیا جاتا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی دی گئی فہرست بدل نہیں سکتا،پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ ہم نےالیکشن کمیشن کوکہاکہ اس پرنوٹیفکیشن جاری کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوالے سے عدالت کا بڑا حکم
الیکشن کمیشن نےکہا کہ 20 سیٹیں خالی ہوئی ہیں، اس لیے پارٹیوں کی کل نشستیں بھی بدلی ہیں، الیکشن کمیشن کا یہ مؤقف قانون کے مطابق نہیں،پی ٹی آئی وکیل کے دلائل پر ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جنرل الیکشن کے بعد ہوتا ہے، اب 20 نشستوں کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کی پوزیشن بدل گئی ہے، میرا تو خیال تھا کہ یہ لارجر بینچ کا معاملہ ہے۔