(ویب ڈیسک ) ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد پھٹ پڑے، کہا وقار یونس کی میرے خلاف رپورٹ نے میرا کیرئیر کارنر کردیا ۔بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ اپنے موازنہ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ ان کے پاس ایم ایس دھونی جیسے رہنمائی کرنے والے نہیں تھے۔ "میں یہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں، اور میں اسے دوبارہ کہوں گا، دھونی کی رہنمائی کی وجہ سے کوہلی بہتری کی جانب گامزن ہوا تاہم میرا کیرئیر زوال پذیر ہوا۔انہوں نے شکوہ کیا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ آپ کی کامیابی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ ہمارے سینئر کھلاڑی اور سابق کرکٹرز کسی کو کامیاب ہوتے دیکھنا ہضم نہیں کر سکتے، جو پاکستان کرکٹ کیلئے بدقسمتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا میں چاہتا ہوں کہ رپورٹ کو پبلک کیا جائے جس کی بنیاد پر مجھے ٹیم سے باہر رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کچھ غلط نہیں کیا میرے پاس بھی اپنے دفاع کے لئے بہت کچھ ہے ۔ اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو مجھے اس کا بتایا جائے ، سزا دی جائے لیکن کیرئیر کیساتھ کیوں کھیلا جا رہا ۔ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ رپورٹ میں جو کہا گیا اس کی وضاحت ہونی چاہیے کیونکہ مجھے اس کا بہت نقصان ہوا ۔ مجھے پتہ تو ہونا چاہیے کہ رپورٹ ہے کیا اور میں نے غلط کیا کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں کنڈکٹ کے تحت تمام چیزیں کر رہا ہوں مجھے کارنر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ میں نے رپورٹ کے بارے میں جاننے کی بہت کوشش کی لیکن مجھے کچھ حاصل نہیں ہوا ۔احمد شہزاد نے کہا کہ مجھے سری لنکا کے خلاف آخری سیریز میں پورا موقع ہی نہیں دیا گیا اور باہر کر دیا ۔ مجھے خود نہیں پتہ کہ مجھے کنڈیشنگ کیمپ میں کیوں نہیں بلایا گیا ۔ اس کا درست جواب تو وہی دے سکتے ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو منتخب کیا ۔ میں بھی کیمپ میں شامل ہو کر ایک معیاری ٹریننگ کرنا چاہتا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میرا گھر ہے ۔ کوئٹہ کی ٹیم نے ہمیشہ اچھی کرکٹ کھیلی ہے ۔ مجھے خود بڑا دکھ ہے کہ میں پی ایس ایل نہیں کھیل سکا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ انہیں کیریئر کے دوران مہندرا سنگھ دھونی جیسا مینٹور نہیں مل سکا اس لیے میں ویرات کوہلی جیسا نہیں بن سکا۔