وزیراعظم کا لاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم

Jun 27, 2023 | 20:05:PM
وزیراعظم کا حالیہ بارشوں میں لاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے عید قرباں پر شمالی پنجاب بالخصوص لاہور میں متوقع پری مون سون بارشوں کے حوالے سے تیاری پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو ناقص نکاسی آب کی صورت حال کی ذمہ داران کا فوری تعین کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوتاہی برتنے والے متعلقہ حکام کو فی الفور معطل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش میں متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا، آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیرا عظم شہباز شریف کی پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو حج اکبر کی مبارکباد

وزیراعظم نے اس دوران مزید ہدایت کی کہ عیدِ قرباں کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے اور ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے، شہر میں جلد از جلد نکاسی آب کو ممکن بنانے کیلئے درکار مشینری کے حصول میں درپیش مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ صوبے بھر میں عید کے دوران قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی ممنوعہ تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے، عید اور مون سون کے تناظر میں عوامی سہولت کیلئے خصوصی شکایات سنٹر اور کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کریں۔ 

مذکورہ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، کمشنر لاہور اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے شرکت کی۔