عدت نکاح کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں برقرار، اپیلیں مسترد

Jun 27, 2024 | 10:12:AM
 عدت نکاح کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں برقرار، اپیلیں مسترد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشراحسن) عدت نکاح کیس میں سزامعطلی کی اپیلیں مسترد، بانی پی ٹی آئی اوربشری ٰ بی بی کی 7،7 سال کی سزا برقرار، سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج افضل مجوکہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، ٹرائل کورٹ نے 3 فروری کو بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو سزاسنائی تھی، عدالت نے 25 جون کوفیصلہ محفوظ کیاتھا، اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی، عدالت نے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا، فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ کیس، بانی پی ٹی آئی و دیگر کی بریت پر فیصلہ محفوظ

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیلیں دائر کی تھیں، سینئر سول جج قدرت اللہ نے 3 فروری 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال سزا سنائی تھی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت نے چند روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں درج 9 مئی کے مقدمات میں بھی ضمانت پر ہیں۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے ریاست مخالف ویڈیو ٹوئٹ کرنے پر بانی پی ٹی آئی سے دو بار اڈیالہ جیل میں تفتیش کر چکی ہے، اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تاحال کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، فی الوقت بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی اور نیا کیس بھی دائر نہیں ہوا، عدت میں نکاح کیس میں فیصلہ حق میں آنے کی صورت عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے امکانات تھے۔