(24نیوز)موسم نے پھر کروٹ بدل لی،محکمہ موسمیات نے گرمی سے نڈھال عوام کو بارش کی نوید سنا دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی میں بادل برسنے کی پیشگوئی کردی گئی ہے، بارش سے قبل آندھی کا بھی امکان ہے، شہر کے مضافات سمیت دیگر مقامات پر بھی بادل برس سکتے ہیں، کراچی میں اس دوران ہلکی سے لے کر معتدل شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کی شام کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن، گڈاپ اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بوندا باندی ہوئی تھی، اسی طرح ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں اور گہرے سیاہ بادل چھائے رہے۔
دوسری طرف بحیرہ عرب سے بارش رسانے والا مون سون کا ایک سسٹم آج پنجاب میں داخل ہوگا جو شدید بارشوں کا باعث بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہے گا۔
متعلقہ محکموں کی طرف سے اربن فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ بلدیات، واسا سمیت دیگر اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔