(ارشاد قریشی) بانی پی ٹی آئی عمران کان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ختم ہو گئیں، پی ٹی آئی رہنما میڈیا ٹاک کے بغیر جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے سینیٹرشبلی فراز، رؤف حسن اور شیخ وقاص اکرم نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، سالار خان کاکڑ، عامر ڈوگر اور عاطف خان نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوران عدت نکاح پر سیشن کورٹ اسلام آباد سے آنے والے فیصلے پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور پر بھی بات چیت کی گئی، ملاقات میں عزم استحکام آپریشن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر نوٹس، بڑا اعلان کر دیا
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے 7، 7 سال کی سزا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے۔