(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف سے ینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی،ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت کی،وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چودھری ، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، عثمان اویسی ،عمار احمد لغاری ، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ ، سعد وسیم ،شاہد عثمان شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ، امید ہے آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبودکیلئے دن رات کام کریں گے،ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قابل طلبا کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے ،بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو کہ تاریخی قدم ہے ،سکلز ڈیویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں،ان کاکہناتھا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور ان کی اسکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،حکومتی اداروں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات ہیں جن سے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔