(24نیوز) اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو گزشتہ روز صوبائی وزرا کی جانب سے پریس کانفرنس میں اسپیکر کےبار ے میں دیے گئے ریمارکس پر برہم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت شروع ہوا تو اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ کل وزیراعلی سیکرٹریٹ میں صوبائی وزرا نے پریس کانفرنس میں میرے بارے میں کہاکہ اسمبلی میں سیاسی معاملات میں مداخلت نہ کروں، ظہور بلیدی اس حوالے سے وضاحت دیں۔اسپیکر کے ریمارکس پر صوبائی وزیرظہوربلیدی نے کہا کہ پریس کانفرنس میں کہی گئی بات سیاق وسباق سے ہٹ کرلکھاگیا ہے، اگر میری بات سے آپ کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔
اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ حکومت میں بہت اچھے کام ہورہے ہیں اور اگر وقت پرہوں تو اچھا ہوگا، میری وزیراعلیٰ سے کوئی لڑائی نہیں ہے، میں ان کی پارٹی سے ہوں ، مجھے کسی وزارت کا شوق نہیں ہے، اسپیکر کے بلند عہدے پر فائز ہوں۔