کوروناسےمتعلق گمراہ کن اطلاعات ،فیس بک سےوینزویلاکےصدرکا پیج منجمد 

Mar 27, 2021 | 12:36:PM
کوروناسےمتعلق گمراہ کن اطلاعات ،فیس بک سےوینزویلاکےصدرکا پیج منجمد 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)فیس بک نے وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کا فیس بک پیج منجمد کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک نے وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کا فیس بک پیج کووڈ 19 سے متعلق گمراہ کن اطلاعات شیئر کرنے پر منجمد کیا  جس کی تصدیق فیس بک کے ترجمان کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔فیس بک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر نکولس کا پیج بے بنیاد اور بنا کسی سائنسی شواہد کے کورونا کے علاج کے لئے شیئر کی جانے والی اطلاعات کی وجہ سے منجمد کیا گیا۔فیس بک ترجمان نے بتایا کہ صدر نکولس نے ایک قدیم  دوا کو کورونا وائرس کے علاج کے لئے بہتر قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک کرشماتی دوا ہے جس کا کوئی منفی اثر نہیں اور اسے لینے سے کورونا وائرس سے صحتیابی ہوسکتی ہے تاہم ماہرین نے صدر کے دعوے کو یکسر مسترد کیا تھا۔

فیس بک نے وینزویلا کے صدر کی اس حوالے سے شیئر کی گئی ویڈیو کو فیس بک کی کورونا کے حوالے سے نافذ پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کردیا جس میں صدر نکولس نے کورونا سے محفوظ رہنے یا صحتیاب ہونے سے متعلق گارنٹی دی تھی۔فیس بک ترجمان نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کی پیروی کرتے ہیں کہ فی الحال ایسی کوئی دوا موجود نہیں جو کورونا وائرس سے صحتیابی فراہم کرسکے لہٰذا مسلسل فیس بک قوانین کی خلاف ورزی پر صدر نکولس کا پیج 30 روز کے لیے منجمد کیا گیا ہے اور اس دوران ان کے پیج کو صرف پڑھا جاسکتا ہے۔