بدترین مہنگائی،ملک پر نااہل ٹولہ مسلط ہے:مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ چینی، آٹا، تیل ، انڈے اور دوائیں اس وقت تک سستی نہیں ہوں گی جب تک عمران خان ملک پر مسلط ہے۔ اس وقت ملک پر نااہل نالائق ٹولہ مسلط ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹ بولے گئے، 2014 سے اب تک حکمران جھوٹ بول رہے ہیں، یہ بولتے تھے جب مہنگائی ہوتی ہے تو اس کا مطلب وزیراعظم چورہوتا ہے، یہ چور چور کا شور مچائیں اور خود عوام کو لوٹیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے گنے کی قیمت 180 روپے رکھی تاکہ کسانوں کو پریشانی نہ ہو، ہمارے دور میں 52 روپے میں بکنے والی چینی آج 120 روپے کلو ہوگئی، چینی کمیشن بنا تو چینی 72 روپے کلو تھی مگرآج چینی 120 تک پہنچ چکی ،حکمران چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، کمیشن رپورٹ میں جن افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا وہ ملک پر مسلط ہے۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کو سینٹ کا ٹکٹ نہیں ملا اس لئے آج کل وہ خاموش ہیں، ندیم بابر کو 122 ارب کا ایل این جی میں ڈاکا ڈالنے کے بعد ہٹایا گیا، پٹرولیم بحران پر ندیم بابر کو صرف ہٹانا نہیں چاہیے بلکہ عمران خان کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہیے۔ جنہیں یہ چور کہتے تھے ان کے دور میں 35 روپے کلو آٹا تھا آج 80 روپے کلو ہے، جنہیں چور کہتے تھے ان کے دور میں انڈے 80 روپے درجن بکتے تھے اب 200 روپے ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے چینی کی قیمت اوپر نیچے ہوتی ہے، آپ کے کاغذ لہرانے سے نوازشریف ، شہباز شریف اور حمزہ چور نہیں ہوں گے، ایف آئی اے نے کہا ہے کہ عمران خان، عثمان بزدار، خسرو بختیار اور جہانگیر ترین چینی چور ہیں۔ اب ثبوت ندیم بابر، جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور عثمان بزدار کے خلاف ہیں، آٹا، بجلی، گیس چوری اور بی آر ٹی پشاور میں نیب کہاں ہے؟۔