جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں کی بڑی کامیابی۔ تعریفی اسناد دینے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)جناح ہسپتال کراچی کے ڈاکٹروں نے 32 سالہ شخص کی آنکھ میں پیوست خنجر کسی نقصان کے بغیر کامیابی سے نکال لیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز نے مشکل ترین سرجری کے بعد 32 سالہ شخص کی آنکھ سے دماغ تک پیوست چھری نکال کر نہ صرف اس کی جان بچالی بلکہ زخمی شخص کسی بڑے نقصان سے بھی محفوظ رہا۔انتظامیہ نے کامیاب آپریشن پر میڈیکل ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، 32 سالہ افطار شاہ کو گھریلو جھگڑے میں چھری مارکر زخمی کردیا گیا تھا۔
یہ واقعہ 25 مارچ کو بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں اس وقت پیش آیا جب افطار شاہ اپنی ناراض اہلیہ کو منانے اور گھر واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا تو اسے تلخ کلامی کے بعد خنجر مارکر زخمی کردیا گیا، چھری افطار خان کی بائیں آنکھ سے ہوتی ہوئی سر میں پیوست ہوگئی تھی، لواحقین کئی نجی اور سرکاری ہسپتال پہنچے مگر مشکل سرجری کی وجہ سے سب نے علاج سے انکار کردیا کیونکہ آپریشن کے نتیجے میں دماغ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا۔
26 مارچ کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر نے زخمی شخص کی سرجری کا فیصلہ کیا، ساڑھے چار گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن میں نیورو، ای این ٹی اور آئی سرجنز کے علاوہ تجربہ کار او ٹی عملے نے حصہ لیا، نازک ترین آپریشن میں دماغ کے قریب پیوست خنجر کسی نقصان کے بغیر کامیابی سے نکال لیا گیا۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کامیاب سرجری کرنے والے ڈاکٹر علی حیدر ، ڈاکٹر کنول، ڈاکٹر رمشا، ڈاکٹر عبدالرفیق سمیت آئی سرجنز ڈاکٹر محبوب اور اختیار احمد سولنگی اور دیگر او ٹی اسٹاف کوکامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے ایک انسان کی جان بچائی اور اپنی مہارت و تجربے کا ثابت کیا ہے۔تاہم اافطار شاہ کوآئی وارڈ میں شیفٹ کردیا کیا ہے، خطرے سے باہر ہونے کے باوجود آئندہ چوبیس گھنٹے اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جم میں دوران ورزش خاتون کی موت ۔ویڈیو وائرل