پارٹی کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے ہیں،وفاقی وزرا

Mar 27, 2022 | 19:00:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان فقیر آدمی ہے اسے تخت و تاج کی کوئی لالچ نہیں ہے ،ہمیں ایوان کی سازشوں میں کوئی دلچسپی نہیں، ہم عوام میں سے ہیں اور عوام میں رہیں گے ، ہم عوام کے سروں پر اقتدار رکھیں گے وگر نہ اقتدار ہماری ٹھوکر پر ہے۔
اسلام آباد پریڈمیں تحریک انصاف کے امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ لاکھوں عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ اسلام آبادکا اقتدارکسی سازش کا نہیں عوام سے ہو کر گزرے گا ، میں جب کہتا تھاکہ دس لاکھ افراد کا اجتماع ہوگا اس میں سے گزر کر جانا ہوگا اب میں کہتا ہوں کہ 20کروڑ لوگوں میں سے گزر کر عوام تک پہنچنا ہوگا۔عمران خان ایک فقیر آدمی ہے اسے تخت و تاج کی پرواہ نہیں ہے ،اگرآج وہ کھڑا ہے تو مسلم امہ کی ضرورت بن کر کھڑا ہے ،پاکستان کی ،آپ کی ، ہر ماں اور باپ ، ہر بچے کی ضرورت بن کر کھڑا ہے۔ پی ٹی آئی کو ایوان کی سازشوں میں کوئی دلچسپی نہیں ،ہم عوام میں سے ہیں عوام میںرہیں گے ،ہمیں اقتدار عوام نے دیا ہے ،اقتدار عوام کے سر پر رکھیں گے وگرنہ اقتدار ہماری ٹھوکر پر ہے۔
انہوںنے کہا کہ عمران خان کو تخت و تاج کا لالچ نہیں،اسے کوئی فرق نہیں پڑتا ،لیکن عوام کو مجھے اور قوم کو ضرورت ہے ،عمران خان کو اقتدار کے آنے جانے کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے پارٹی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے وہ آج اسلام آبادمیں چھپ کر بیٹھے ہیں ،آپ اپنے حلقوں میں کھڑے ہو کر دکھاﺅ ،آپ کوسو منٹ میں سو جوتے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے عمران خان کے حکم کا انتظار کرنا ہے،20کروڑ لوگ عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں ،ان شا اللہ وہ انقلاب آئے گا جس کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا ،ہم اس کے لئے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔  
 اسلام آباد پریڈ گراﺅنڈ میں تحریک انصاف کے امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایک محبت وہ ہوتی ہے جو اقتدار کی ہوتی ہے ایک محبت وہ ہوتی ہے جوغریب عوام کے سمندر کی ہوتی ہے۔اپوزیشن والے چور ہیں ،ڈاکو ہیں،یہ گینگ آف تھری ہیں۔انہوںنے کرنل قذافی کا مال نہیں چھوڑا،انہوں نے صدرصدام کا مال نہیں چھوڑا ،انہوں نے اسامہ بن لادن کا مال نہیں چھوڑا۔ یہ سازش کر کے جب کنگ عبد اللہ کے ساتھ سعودی عرب گئے تو فوج تیار نہیں تھی لیکن انہوں نے مینج کیا ،انہوں نے اپنے پلیٹس کم کئے اور یہ لندن گئے ،آج مسلم لیگ (ن) کے جلسے کی حالت دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب یہ قوم آپ سے مطالبہ کرتی ہے کہ انہوں نے مہنگائی ،بیروزگار کو برداشت کیا ،بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کو برداشت کیا ،اب یہ چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ نواز شریف ڈاکو ،شہباز شریف ڈاکو اور آصف زرداری لٹیرا کرپٹ جیل کے پیچھے ہوں۔ 
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ عمران خان اس ملک کے نوجوانوں کیلئے جنگ لڑ رہا ہے،پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ عوام کو کرنا چاہئے،یہ جنگ عمران خان کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے ،عمران خان نے پوری قوم کو جگا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کو جھٹکے پر جھٹکا۔فردوس عاشق اعوان بھی پارٹی چھوڑنے کو تیار۔مسلم لیگ ن سے رابطہ

مزیدخبریں