ہومیوپیتھک طریقہ علاج درست ہے یا غلط۔تا حال فیصلہ نہیں ہوسکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک)ایک طویل مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ہومیوپیتھک طریقہ علاج پر بیشتر سائنسی تحقیقات میں جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت نتائج پیش کرنے پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آج بھی دنیا میں کروڑوں لوگ جدید طب (ماڈرن میڈیسن)یعنی ایلوپیتھی کے مقابلے میں ہومیوپیتھی پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں لیکن سنجیدہ طبی ماہرین کو اس طریقہ علاج پر شدید اعتراضات بھی ہیں۔
یہ ماہرین ہومیوپیتھی کو نہ صرف غیر سائنسی قرار دیتے ہیں بلکہ یہاں تک کہتے ہیں کہ ہومیوپیتھک دواﺅں کا اثر محض نفسیاتی (پلاسیبو)ہوتا ہے جبکہ وہ حقیقی معنوں میں مریض کو کوئی فائدہ نہیں پہنچاتیں۔پچھلے سو سال کے دوران ہومیوپیتھی طریقہ علاج کی سچائی معلوم کرنے کےلئے سیکڑوں سائنسی تحقیقات ہوچکی ہیں لیکن اب تک ہومیوپیتھی کے اصل یا جعلی ہونے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔نئے مطالعے میں امریکا اور آسٹریا کے ماہرین نے گزشتہ بیس سال میں ہومیوپیتھی پر کی گئی درجنوں سائنسی تحقیقات میں اختیار کیے گئے طریقوں اور پیش کردہ نتائج کا بہت باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔جائزے سے معلوم ہوا کہ 2000 سے 2013 کے دوران ہومیوپیتھی طریقہ علاج کی باضابطہ (رجسٹرڈ)طبی آزمائشوں (رینڈمائزڈ کلینیکل ٹرائلز)میں سے صرف 46 فیصد کے نتائج ہی شائع کروائے گئے۔
ہومیوپیتھی کے بارے میں شائع شدہ لیکن رجسٹریشن کے بغیر انجام دی گئی طبی آزمائشوں کی شرح اب تک نامعلوم ہے۔اس مطالعے میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ہومیوپیتھی سے متعلق 91 فیصد طبی آزمائشیں یا تو غیر شائع شدہ ہیں (38فیصد)یا پھر ان کی رجسٹریشن ہی نہیں کروائی گئی (53 فیصد)۔علاوہ ازیں رجسٹرڈ کلینیکل ٹرائلز میں سے 75 فیصد کے ابتدائی نتائج میں یا تو جزوی ترمیم کی گئی یا پھر وہ مکمل طور پر ہی تبدیل کردیئے گئے۔رجسٹریشن کے بغیر کی گئی طبی آزمائشوں میں علاج کے اثرات زیادہ نمایاں اور اکثر مثبت دیکھے گئے۔اس مطالعے کی روشنی میں ماہرین نے کہا کہ ہومیوپیتھی کے بارے میں طبی آزمائشوں کے شائع شدہ نتائج اصل تحقیقات کا منتخب حصہ ہیں جن میں مثبت نتائج ہی زیادہ بیان کیے گئے ۔اگرچہ اس مطالعے میں ماہرین نے ہومیوپیتھی طریقہ علاج کو جعلی تو قرار نہیں دیا ہے لیکن اتنا ضرور کہا ہے کہ ہومیوپیتھی دواﺅں کی طبی آزمائشوں کے نتائج ترتیب دیتے وقت جانتے بوجھتے ہوئے جانب داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور مثبت نتائج پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔حکومت کو جھٹکے پر جھٹکا۔فردوس عاشق اعوان بھی پارٹی چھوڑنے کو تیار۔مسلم لیگ ن سے رابطہ