عمران کی بدتمیزی کا منہ توڑ جواب ملے گا، مریم نواز

Mar 27, 2022 | 21:38:PM

(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عمران کی بدتمیزی کا منہ توڑ جواب ملے گا، تم دوسروں کو چوہا کہتے ہو، میں بتاتی ہوں کہ پاکستان کا سب سے بڑا چوہا وہ ہے جو پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا ہے، کہتا تھا کہ دس لاکھ کا مجمع ہوگا، دس لاکھ تو کیا دس ہزار لوگ نہیں آئے۔
گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے مریم نواز اور حمزہ شہباز نے خطاب کیا، اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ گوجرانولا آؤ اور دیکھو کہ چوبیس گھنٹے میں دو بار جلسہ کیسے ہوتا ہے، عوام نے عمران کے جلسے میں شرکت نہ کرکے ان کی سیاست دفن کردی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ باتیں کرتے ہو عالمی سازش کی، کیا امریکا نے تمہارے دو درجن بندے اڑا دئیے، نوا ز شریف نے ایک گیند سے تمہارے دو درجن بندے اڑادئیے، نواز شریف جس سے بھی ملتا ہے پاکستان کے لئے ملتا ہے، نواز شریف تمہاری طرح بھارت جا کر پاکستانی فوج کو برا بھلا نہیں کہتا۔
 رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کان کھول کر سن لو، یہ ادارے بھی نواز شریف کے ہیں، یہ ملک، یہ عوام بھی نواز شریف کے ہیں، پوری دنیا نے کہہ دیا کہ نواز شریف صادق اور امین ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف آئیں گے، آپ کی قسمت بدلیں گے، نواز شریف کی طرف سے آپ کو کہتی ہوں، گوجرانوالا آئی لو یو۔
انہوں نے کہا کہ آج پریڈ گراؤنڈ میں کھڑا جو جی جی کر رہا تھا وہ پاکستان کا سب سے بڑا چوہا ہے، ا ب کہیں اپنے جلسے کی ناکامی کا الزام بھی نواز شریف پر نہ لگا دینا۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا چوہا جو کھا کھا کر موٹا ہوگیا ہے اس کا نام ہے عمران خان، یہ وہ ہے جو بائیس کروڑ لوگوں کا آٹا، نوکریاں کھاگیا۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ الزام لگاتے ہو نواز شریف پر،چلو بھر پانی میں ڈوب کر مرجاؤ۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی وفدکی چودھری برادران سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال

مزیدخبریں