(24نیوز)اسلام آباد پریڈ گراﺅنڈ میں امر بالمعروف جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے جلسے میں خط لہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ، سازش اور دھمکی پر مبنی خط دکھاتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف باہر سے سازش ہو رہی ہے ، ہمیں دھمکیاں مل رہی ہیں ، بیرونی سازش کی ایسی بہت سی باتیں ہیں جو مناسب وقت پر اور بہت جلد سامنے لائی جائیں گی ، ہمارے ملک میں باہر کے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پیسہ باہر سے ہے اور لوگ ہمارے استعمال ہو رہے ہیں،زیادہ تر انجانے میں لیکن کچھ جان بوجھ کر ہمارے خلاف یہ پیسہ استعمال کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا میں تفصیل سے بات نہیں کر رہا، سب سے بڑی کوشش ہوتی ہے کہ میرے ملک کے مفادات کی حفاظت کی جائے ، ایسی بات نہ کر دوں کہ میرے ملک کو نقصان پہنچے ۔ اس لئے میں نے آپ سے پوری بات نہیں کی ،پاکستانی قوم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ باہر کے اربوں روپے لے کر حکومت کے خلاف سازش کرنے والے غلاموں کو کامیاب ہونے دیں گے ؟۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی لکھی ہوئی تقریر نہیں پڑھی لیکن کیونکہ یہ ایسی بات ہے اورمیں یہ نہیں چاہتا میں جذبات میں آکر کوئی ایسی بات کر دوں جس سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی متاثر ہو جائے ، میں نے ذمہ دار ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور بڑی سوچ کر تقریر لکھی اور اس کا ایک ایک جملہ بتارہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو ہمارے پرانے لیڈرز کی کرتوتوں کی وجہ سے دھمکیاں ملتی رہیں،ہمارے ملک کے اندر موجود لوگوں کی مدد سے حکومتیں تبدیل کی جاتی رہیں،اپنے لوگوں کی مدد سے حکومتوں کو تبدیل کیا گیا ۔ قوم جاننا چاہتی ہے لندن میں بیٹھا ہوا کس کےساتھ ملتا ہے؟ پاکستان میں بیٹھے ہوئے کردار کس کے کہنے پر چل رہے ہیں؟ ہمارے پاس جو ثبوت ہیں، ہر چیز کو ظاہر کر رہا ہوں، اس سے زیادہ تفصیل میں بات نہیں کررہا ۔ہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے، ہم سب سے دوستی کریں گے غلامی نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔حکومت جاتی ہے جائے انہیں کبھی معاف نہیں کروں گا،وزیراعظم عمران خان
کیایہ تھا سرپرائز..؟۔۔۔عمران خان نے دھمکی آمیز خط جلسے میں لہرادیا
Mar 27, 2022 | 22:08:PM