ذاتی معلومات شیئر کرنے پر فیروز خان کی ساتھی اداکاروں سے معذرت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے ساتھی اداکاروں سے سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی معلومات شیئر کرنے پر معذرت کر لی۔
یاد رہے رواں سال کے آغاز میں فیروز خان نے سابقہ اہلیہ علیزے سمیت جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والی تمام شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجوائے تھے اور اُنہوں نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک دستاویز بھی شیئر کی اور اس دستاویز پر تمام شوبز شخصیات کی ذاتی معلومات بھی درج تھیں۔
جس کے بعد اداکار کو سوشل میڈیا پر اپنی سابقہ اہلیہ اور تمام شوبز شخصیات کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اب فیروز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔
View this post on Instagram
اُنہوں نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ 17 جنوری کو میری سابقہ قانونی ٹیم نے ہتکِ عزت کے ایک قانونی نوٹس کو میرے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا اور میں نے بھی یہ بات نوٹس نہیں کی کہ جو نوٹس سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے اس پر ان تمام افراد کے فون نمبرز سمیت تمام ذاتی معلومات بھی درج ہیں۔
مزید پڑھیں: فیروز خان اور منیب بٹ کا جھگڑا ختم ہوگیا
اداکار نے لکھا ہے کہ جیسے ہی میں نے یہ بات نوٹس کی تو فوراً پوسٹ ڈیلیٹ کر دی، بطور اداکار مجھے ذاتی حدود کی اہمیت کا اندازہ ہے اور میرے لیے یہ سب سے زیادہ اہم ہے۔ اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ میرا مقصد کسی کی زندگی کے سکون کو متاثر کرنا ہرگز نہیں تھا۔
فیروز خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر میری وجہ سے میرے کسی بھی ساتھ اداکار کو کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا ہو تو اس کے لیے میں دل سے معذرت خواہ ہوں۔