(24نیوز)ملکی سیاست میں ایک اور بڑی ہلچل مچ گئی،جہانگیرترین گروپ ملکی سیاست کے پیش نظر دوبارہ متحرک ہو گیا،جہانگیر ترین گروپ نے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کیلئے سر جوڑ لئے۔
تحریک انصاف کے منحرف جہانگیر ترین گروپ نےموجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر دوبارہ سے متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا،جہانگیر ترین کی سربراہی میں گروپ کااعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض، عون چودھری ، نعمان لنگڑیال،اسحاق خاکوانی، اجمل چیمہ ترین گروپ کےسابق ارکا ن پنجاب اسمبلی،پی ٹی آئی ترین گروپ کے ارکان قومی اسمبلی،پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نئے چہروں کی بھی شرکت کی۔
جہانگیر ترین نے گروپ کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا،ترین گروپ نے ملکی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا،گروپ کے کچھ ارکان نے ’’تحریک انصاف نظریاتی‘‘کے نام سے سیاسی شناخت بنانے کی تجویز دیدی۔
ترین گروپ نے تحریک انصاف کے مزید سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملکی سیاست میں ترین گروپ اپنا بھر ہور کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی ہواؤں کی انٹری، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
شرکا کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پالیسیوں نے پارٹی کو تباہی سے دوچار کردیا،پارٹی کے بڑی تعداد میں رہنما عمران خان کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں ،ترین گروپ نے اندرونی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ ملکی سیاست پر نظر رکھتے ہوئے مزید اجلاس بھی کرے گا۔